امارات میں ہوٹلوں کے کاروبار میں 30 فیصد اضافہ
دبئی سمیت متحدہ عرب امارات کے ہوٹلوں کے ذمہ داران کا کہنا ہے کہ سال رواں کے آغاز سے ہوٹلوں کا کاروبار 30 فیصد تک بڑھ گیا ہے۔ یہ 2019 کے دوران ہونے والے کاروبار کو پیچھے چھوڑ گیا ہے۔
الامارات الیوم کے مطابق ’عربیین ٹریول مارکیٹ ایگزیبیشن ‘ میں شرکت کے موقع پر ہوٹلوں کے ذمہ داران نے کہا کہ سال رواں کے دوران ہوٹلوں کی بکنگ میں توجہ طلب حد تک اضافہ ہوا ہے۔ دس سے 30 فیصد تک ہوٹلوں کی آمدنی بڑھی ہے۔ توقع ہے کہ سال رواں کی دوسری ششماہی کے دوران ہوٹلوں کی آمدنی میں شرح نمو مزید بڑھے گی۔
اٹلانٹس دبئی میں سیلز مینجر ایمن بکوش نے کہاکہ ’سال رواں کے شروع سے دبئی کے ہوٹلوں میں بکنگ توجہ طلب حد تک بڑھی ہے۔ 2019 کے مقابلے میں سیاحوں نے 25 فیصد زیادہ خرچ کیا ہے۔ ریستورانوں، ہوٹلوں کی سہولیات اور ہوٹلوں کے مختلف اداروں پر سیاحوں کے خرچ کا تناسب بڑھا ہے‘۔
ایمن بکوش کا کہنا ہے کہ ’گزشتہ دنوں 187 سے زیادہ ممالک کے لوگوں نے دبئی کے ہوٹلوں میں بکنگ کرائی۔ ان میں روس، برطانیہ اور یورپی ممالک کے سیاح سرفہرست ہیں‘۔