سعودیہ میں 33 ارب پاکستانی روپے سے زائد مالیت کی منشیات پکڑی گئی
سعودی حکام نے 11 کروڑ 50 لاکھ ڈالرز (33 ارب 12 کروڑ پاکستانی روپے) مالیت کی منشیات ضبط کرلی۔ عرب نیوز کے مطابق سعودی عرب کی زکوٰۃ، ٹیکس اور کسٹمز اتھارٹی نے جمعرات کو الحدیدہ بندرگاہ کے ذریعے 4 لاکھ 61 ہزار 164 کیپٹاگون گولیاں اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی، انٹرنیشنل ایڈکشن ریویو جرنل میں شائع ہونے والی تحقیق کے مطابق منشیات کی قیمت تقریباً 115 ملین (11 کروڑ 50 لاکھ) ڈالرz کے درمیان تھی۔
حکام کا کہنا ہے کہ نشہ آور گولیاں گاڑیوں کے پرزہ جات کے طور پر بُک کروائی ہوئی کھیپ کے اندر چھپائی گئی تھیں جو ایک ٹرک پر مملکت میں پہنچائی گئیں، تاہم بندرگاہ پر کارروائی مکمل ہونے کے بعد کھیپ کے چار کنسائنیز کو گرفتار کرکے گئے جنرل ڈائریکٹوریٹ برائے نارکوٹکس کے حوالے کردیا گیا۔
چند روز قبل ہی سعودی حکام نے ایمفیٹامین کی 52 لاکھ 80 ہزار گولیاں اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے اس جرم میں ملوث 6 افراد کو گرفتار کیا، جنرل ڈائریکٹوریٹ آف نارکوٹکس کنٹرول (GDNC) کے ترجمان میجر مروان الہیثمی نے کہا کہ منشیات کی اسمگلنگ اور منشیات فروشوں کی نگرانی کرنے والی سیکیورٹی سروسز نے جدہ کی اسلامی بندرگاہ سے گزرنے والے پتھروں اور عمارت کے سامان کی کھیپ میں چھپائی گئی ایمفیٹامائن کی 52 لاکھ 80 ہزار گولیاں سمگل کرنے کی کوشش کو ناکام بنا دیا۔
انہوں نے بتایا کہ زکوٰۃ، ٹیکس اور کسٹمز اتھارٹی (ZATCA) کے ساتھ مل کر اس کوشش کو ناکام بنایا گیا، ملزمان کو ریاض اور جدہ میں کھیپ حاصل کرنے والے 6 افراد سمیت گرفتار کیا گیا، جو تین مرکزی ملزمان تھے ان میں ایک شامی شہری جس کے پاس وزیٹر ویزا تھا، ایک سوڈانی شہریت رکھنے والا اور ایک سعودی شہری شامل تھا، ان کے خلاف ابتدائی قانونی کارروائی کی گئی اور انہیں پبلک پراسیکیوشن کے حوالے کر دیا گیا۔