انٹرنیٹ بندش سے آن لائن کاروبار متاثر، پاکستان میں وی پی این کی مانگ میں اضافہ
’فری لانسر ایسے علاقے میں ہے جہاں اسے انٹرنیٹ کی رسائی میں رکاوٹوں کا سامنا ہے۔ جس کی وجہ سے خدشہ ہے کہ وہ آپ کا آرڈر جلد ڈیلیور نہ کر پائے۔‘
آن لائن سروسز فراہم کرنے والی ایک مشہور ویب سائٹ فائیور کے اس نوٹیفیکشن کے سکرین شارٹس پاکستانی سوشل میڈیا پر شیئر کیے جا رہے ہیں اور شکایت کی جا رہی ہے کہ کلائنٹس کو نہ صرف یہ کہ بروقت سروسز ڈیلیور کرنے میں مشکلات ہیں بلکہ مختلف شہروں میں موجود فری لانسرز کے ساتھ رابطوں میں بھی مسائل آ رہے ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان میں انٹرنیٹ منگل کو تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان کی گرفتاری کے بعد سے محدود کر دیا گیا ہے۔ صارفین براڈ بینڈ، موبائل فون انٹرنیٹ اور سوشل میڈیا سائٹس کی بندش کی شکایات کر رہے ہیں۔
اسد ممتاز ایک فری لانسر ہیں جو مختلف شہروں میں موجود اپنی ٹیم کے ساتھ مل کر ویڈیو اینیمیشن اور ویڈیو ایڈیٹنگ کی خدمات فراہم کرتے ہیں۔
اسد ممتاز نے اردو نیوز کے رابطہ کرنے پر بتایا کہ ’ہمارے ہاں لینڈ لائن انٹرنیٹ تو رک رک کر چل رہا ہے لیکن براڈبینڈ اور موبائل فونز کا انٹرنیٹ معطل ہونے کی وجہ سے ہمارا کام بہت متاثر ہو رہا ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’ہمارے جو ٹیم ممبرز بڑے شہروں کراچی، اسلام آباد اور لاہور میں ہیں۔ وہ زیادہ متاثر ہو رہے ہیں جس کی وجہ سے کلائنٹس کے آرڈر ڈیلیو کرنے میں تاخیر ہو رہی ہے۔‘