امارات کے رہائشیوں کے لیے بڑی خوشخبری۔۔۔ حکام نے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں زبردست کمی کا اعلان کردیا
متحدہ عرب امارات میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کرتے ہوئے پیٹرولیم پرائس کمیٹی نے جون کے مہینے کے لیے پیٹرول اور ڈیزل کی نئی قیمتوں کا اعلان کردیا۔ اماراتی میڈیا کے مطابق متحدہ عرب امارات کی ایندھن کی قیمت کمیٹی نے 31 مئی کو جون 2023ء کے مہینے کے لیے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں کا اعلان کیا ہے، جس کے تحت 1 جون سے سپر 98 پیٹرول کی قیمت 2.95 درہم فی لیٹر ہوگی، جس کی مئی میں قیمت 3.16 درہم فی لیٹر تھی۔
بتایا گیا ہے جون میں اسپیشل 95 پیٹرول کی قیمت 3.05 درہم فی لیٹر سے کم کرتے ہوئے 2.84 درہم فی لیٹر مقرر کی گئی ہے اسی طرح ای پلس 91 پیٹرول کی قیمت 2.76 درہم فی لیٹر ہوگی، جو مئی میں 2.97 درہم فی لیٹر تھی جب کہ ڈیزل گزشتہ ماہ 3.03 درہم کے مقابلے جون میں 2.68 درہم فی لیٹر میں فروخت کیا جائے گا۔
اس کے علاوہ متحدہ عرب امارات میں رہائشیوں کو بڑھتی ہوئی مہنگائی سے بچانے کیلئے شاندار اقدام کے طور پر روز مرہ استعمال ہونے والی 200 سے زائد ضروری اشیاء کی قیمتیں منجمد کرنے کا اعلان کیا گیا ہے، جس کا اطلاق 2023ء کے آخر تک تازہ پیداوار اور سپر مارکیٹ کی اشیاء سمیت تمام زمروں میں روزمرہ کی مصنوعات پر ہوگا، جس کا مطلب ہے کہ 2023ء کے آخر تک تازہ مصنوعات اور سپر مارکیٹ کی اشیاء سمیت تمام زمروں میں روزمرہ کی مصنوعات کی قیمتوں میں کوئی اضافہ نہیں ہوگا۔
اس حوالے سے لولو دبئی کے ڈائریکٹر سلیم ایم اے نے کہا کہ ہمارے گروپ کو اس جدید ‘پرائس لاک’ پروجیکٹ کا اعلان کرتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے تاکہ ہمارے لولو ہائپر مارکیٹ کے صارفین کو عالمی قیمتوں کی افراط زر سے نمٹنے میں مدد ملے جس سے ہر کوئی جدوجہد کر رہا ہے، ہم مقامی مارکیٹ کو متوازن کرنے اور معیار زندگی کو برقرار رکھنے کے لیے اپنے سپلائرز کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں جس کے لیے متحدہ عرب امارات جانا جاتا ہے، اس مہم کا اطلاق روزمرہ کی مصنوعات کی تمام اِن اسٹور خریداریوں پر ہوتا ہے۔