فیصل آباد سے شارجہ منشیات اسمگلنگ کی کوشش ناکام
3 کلو آئس ہیروئن دو ڈبوں میں سوہن حلوے کی تہہ میں انتہائی مہارت سے چھپائی گئی تھی
فیصل آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 31 مئی 2023ء ) فیصل آباد سے شارجہ منشیات اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنادی گئی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ترجمان ایئر پورٹ سکیورٹی فورس نے بتایا ہے کہ سوہن حلوے میں چھپاکر منشیات اسمگل کرنے کی کوشش اس وقت ناکام بنائی گئی جب اے ایس ایف کے عملے نے فیصل آباد ائیر پورٹ پر کارروائی کی جس میں مسافر سے 3.2 کلو گرام آئس ہیرون برآمد ہوئی جو شارجہ اسمگل کی جارہی تھی۔
ترجمان اے ایس ایف سے معلوم ہوا ہے کہ مسافر اشرف علی نے آئس ہیروئن سفری بیگ کے اندر موجود دو ڈبوں کے اندر سوہن حلوے کی تہہ کے نیچے انتہائی مہارت سے چھپائی ہوئی تھی، تاہم اے ایس ایف کے عملے نے سامان کی تلاشی کے دوران منشیات برآمد کرلی اور ملزم کو ابتدائی تفتیش کے بعد برآمد شدہ منشیات سمیت مزید قانونی کارروائی کے لیے اے این ایف حکام کے حوالے کر دیا۔
ایسی ہی ایک اور کارروائی میں کراچی ایئرپورٹ پر مسقط جانے والے مسافر سے ایک کروڑروپے مالیت کی منشیات برآمد کرلی گئی، اس مقصد کے لیے ایئرپورٹس سیکورٹی فورس کی جانب سے کراچی ائیر پورٹ پر کارروائی عمل میں لائی گئی اور ملزم نور محمد خان کے قبضے سے 930 گرام ہیروئن برآمد ہوئی، جس کی عالمی مارکیٹ میں مالیت ایک کروڑ پاکستانی روپے سے زائد بنتی ہے، مسافر نور محمد خان نے یہ ہیروئن اپنے شولڈر بیگ میں مہارت سے چھپا رکھی تھی تاہم اے ایس ایف کے عملے نے منشیات اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنادی اور ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرکے اسے مزید تفتیش کے لئے تھانے منتقل کردیا گیا۔
اسی طرح انسداد منشیات فورس کی طرف سے ملتان ایئرپورٹ پر کارروائی عمل میں لائی گئی، جس کے نتیجے میں ہوائی اڈے سے سعودی عرب منشیات کی اسمگلنگ کو ناکام بنایا گیا، اے این ایف کی کارروائی میں جوڑے کے سوٹ کیس سے 2 کلو 200 گرام آئس برآمد ہوئی، مسافر محمد الیاس اور اس کی اہلیہ نے آئس انتہائی مہارت سے بیگ میں چھپائی ہوئی تھی، انسداد منشیات فورس نے مسافر جوڑے کو گرفتار کرلیا اور ملزمان کو مزید کارروائی کے لیے اے این ایف حکام کے حوالے کردیا گیا۔