پاکستان سے قبل از حج آخری پرواز مدینہ پہنچ گئی، فلائٹ آپریشن مکمل
اب تمام حج پروازیں جدہ میں اتریں گی‘ کل 3 ہزار 920 عازمین حج 13 پروازوں کے ذریعے جدہ پہنچیں گے
مدینہ منورہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 06 جون 2023ء ) پاکستان سے قبل از حج آخری پرواز مدینہ منورہ پہنچ گئی، جس کے ساتھ ہی فلائٹ آپریشن مکمل کرلیا گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق مدینہ منورہ میں قبل از حج فلائٹ آپریشن منگل کو کراچی سے 392 عازمین حج کو لے کر پی آئی اے کی آخری حج پرواز پی کے 747 کی مدینہ منورہ آمد کے ساتھ اختتام پذیر ہوگیا، وزارت مذہبی امور اور بین المذاہب ہم آہنگی کے ترجمان محمد عمر بٹ نے بتایا کہ قبل از حج فلائٹ آپریشن گزشتہ پیر سے شروع ہوا تھا اور اب تمام حج پروازیں براہِ راست جدہ میں اتریں گی، کل 3 ہزار 920 عازمین حج 13 پروازوں کے ذریعے جدہ پہنچیں گے، اس سلسلے کی آخری پرواز 21 جون 2023ء کو جدہ لینڈ کرے گی جب کہ بعد از حج فلائٹ آپریشن 4 جولائی سے شروع ہوگا۔
بتایا گیا ہے کہ مدینہ منورہ کے شہزادہ محمد بن عبدالعزیز بین الاقوامی ہوائی اڈے پر دنیا بھر سے حجاج کرام کو لے جانے والی پروازوں کی مسلسل آمد کا سلسلہ جاری ہے، بہت سے عازمین حج کے مناسک ادا کرنے سے پہلے مدینہ منورہ جانے کے خواہشمند ہیں تاکہ روضہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم پر حاضری دی جاسکے، مسجد نبوی ﷺ میں نماز ادا کریں اور شہر نبوی ﷺ میں دیگر مساجد اور تاریخی مقامات کی زیارت کرسکیں، حکام حجاج کا ہوائی اڈے پر گلاب اور کھجور کے ساتھ استقبال کرتے ہیں اور ان کے مملکت میں داخلے کا طریقہ کار آسانی سے اور مؤثر طریقے سے آگے بڑھتا ہے۔
دریں اثنا مدینہ ریجن میں سعودی ہلال احمر اتھارٹی (SRCA) نے رواں سال کے حج سیزن کے لیے آپریشنل پلان پر عمل درآمد شروع کر دیا ہے، مدینہ میں ایس آر سی اے برانچ کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر احمد بن علی الزہرانی نے کہا کہ اس منصوبے میں مسجد نبوی ﷺ اور مدینہ منورہ جانے والی سڑکوں پر زائرین کو ہنگامی طبی خدمات فراہم کرنا شامل ہے، یہ منصوبہ 15 محرم 1445 ہجری تک جاری رہے گا، حجاج کرام کی خدمت کے لیے کل 1410 سرکاری اور رضاکار افراد کو تعینات کیا گیا ہے، 45 ہنگامی مراکز اس منصوبے پر عمل درآمد میں حصہ لے رہے ہیں، جن میں جدید ترین گاڑیوں سے لیس 79 پیرا میڈیکل ٹیمیں اور 710 دیگر افراد ایئر ایمبولینس خدمات انجام دینے کے لیے تیار ہیں۔