عازمین حج کو آبِ زم زم پہنچانے کی سہولیات کی نقاب کشائی
مکہ مکرمہ میں زائرین کی رہائش گاہوں تک آبِ زم زم کی فراہمی کے لیے 24 گھنٹے کام کرنے والے 9 فیلڈ مراکز قائم کردیے گئے
مکہ مکرمہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 06 جون 2023ء ) سعودی عرب نے عازمین حج کو آبِ زم زم پہنچانے کی سہولیات کی نقاب کشائی کر دی۔ عرب میڈیا کے مطابق سعودی عرب میں آب زم زم کو عازمینِ حج کے لیے قابل رسائی بنانے کے لیے سہولیات کی نقاب کشائی کی گئی ہے جہاں اس ماہ کے آخر میں ہزاروں افراد حج سے قبل پہنچ رہے ہیں، اس مقصد کے لیے سعودی الزمزمہ کمپنی نے اپنے انسانی وسائل کو متحرک کیا ہے اور مقدس شہر مکہ مکرمہ میں زائرین کی رہائش گاہوں تک آبِ زم زم کی فراہمی کے لیے 24 گھنٹے کام کرنے والے 9 فیلڈ مراکز قائم کیے ہیں۔
سیزن ورکس کے ڈپٹی سپروائزر ریان زمزمی نے بتایا کہ مکہ مکرمہ اور مقدس مقامات پر فیلڈ سروس سینٹرز چوبیس گھنٹے کام کر رہے ہیں اور 950 سے زائد ملازمین کی نگرانی میں سپروائزرز اور سینٹر مینیجرز کا ایک گروپ ہے، زم زم کو اعلیٰ ترین حفاظتی معیارات کے مطابق حاجیوں کے گھروں تک پہنچانے کے لیے 137 ٹرکوں کا بیڑا متحرک ہے۔
معلوم ہوا ہے کہ سعودی عرب میں زم زم الیکٹرانک پلیٹ فارم کا بھی آغاز کردیا گیا ہے، جس کا مقصد تکنیکی نظام اور تربیت یافتہ انسانی کیڈرز کے ذریعے آب زم زم کی بوتلیں بغیر کسی رکاوٹ کے عازمین حج کی رہائش گاہوں تک پہنچانا ہے۔
زم زم کمپنی میں سیزنل ورک کے ڈپٹی جنرل سپروائزر ریان نے بتایا کہ زم زم پلیٹ فارم کے ذریعے تمام حاجیوں کی رہائش گاہوں کی رجسٹریشن اور ان کا ڈیٹا مکمل کیا جائے گا، اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ الیکٹرانک ٹریک اور مرکزی حج پلیٹ فارم کا ڈیٹا ایک جیسا ہو، وزارت حج و عمرہ کی جانب سے رہائش گاہوں کو الیکٹرانک طریقے سے نمبر دیئے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ حج سیزن کا آفیشل پلیٹ فارم ہے جو حجاج کے گھر تک آب زم زم کی ترسیل کو یقینی بنائے گا، اس میں اعداد و شمار کو دیکھا جائے گا اور کام کی رفتار کو بہتر بنایا جائے گا، یہ پلیٹ فارم انٹرنیٹ کے ساتھ اور اس کے بغیر بھی کام کرتا ہے جس کا مقصد بغیر کسی تاخیر یا خلل کے کام جاری رکھنا ہے۔ زم زم کمپنی میں سیزنل ورک کے ڈپٹی جنرل سپروائزر نے کہا کہ زم زم کے پلیٹ فارم پر کام کئی مراحل سے گزرتا ہے، ان مراحل کا پلیٹ فارم پر رجسٹریشن سے شروع ہوتا ہے، کنٹرول سنٹر سے گزرنا، پروسیسنگ اور نقل و حمل، حجاج کرام کے سپروائزر اور گاڑی کے ڈرائیور کے درمیان ہم آہنگی پیدا اور نقل و حمل کے محفوظ ذریعہ سے پانی کی ترسیل اور دیگر مراحل شامل ہیں۔