ڈی جی آئی ایس پی آر کی بھارتی حملوں میں 26 پاکستانیوں کی شہادت اور 46 کے زخمی ہونے کی تصدیق

راولپنڈی : ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے بھارتی میزائل حملوں میں 26 پاکستانیوں کی شہادت، 46 کے زخمی ہونے کی تصدیق کردی۔
تفصیلات کے مطابق ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے پریس بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ بھارت نے 6اور7مئی کی درمیانی شب بزدلانہ تاریخ دہرائی، بھارت نے رات کی تاریکی میں شہری آبادی کو نشانہ بنایا، بھارت نے 6 مقامات پر حملے کئے، 26 شہری شہید اور 46 زخمی ہوئے۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے حملوں میں جاں بحق افراد کی تفصیل بتانے ہوئے کہا احمد پور ایسٹ میں مسجد سبحان اللہ کو نشانہ بنایا گیا، 2 بچیوں سمیت 13 شہید ہوئے، مسجد پر حملے میں 9 خواتین سمیت 37 افراد زخمی ہوئے، مریدکے میں بھی مسجد کو نشانہ بنایا گیا، جہاں 3 افراد شہید،1 زخمی ہوا تاہم سیالکوٹ، شکرگڑھ میں جانی نقصان کی خبر نہیں۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ مظفرآباد میں حملے کے نتیجے میں 3 شہری شہید ، ایک بچی اور ایک لڑکا زخمی ہوا جبکہ کوٹلی میں مسجدعباس کونشانہ بنایا گیا، جس میں 16 سالہ بچی، 18سالہ بچہ شہید ہوئے جبکہ کوٹلی میں ایک ماں اورایک بچی زخمی ہیں۔