ایئرسیال کی پہلی پرواز کا مسقط ایئرپورٹ پر پرتپاک استقبال
عمان جانے والے پاکستانیوں کو ایک اور سستی سفری سہولت مل گئی
عمان جانے والے پاکستانیوں کو ایک اور سستی سفری سہولت مل گئی۔ عمان آبزرور کے مطابق مسقط انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر جمعرات کو پاکستانی فضائی کمپنی ایئرسیال کی پہلی پرواز نے کامیاب لینڈنگ کی، ایئر لائن ہر ہفتے آٹھ شیڈول پروازیں چلائے گی، مسقط اور اسلام آباد و لاہور ایئرپورٹ کے درمیان ہفتہ وار تین پروازیں چلیں گی جب کہ سیالکوٹ ایئرپورٹ سے مسقط کے لیے ہفتے میں دو پروازیں آپریٹ ہوں گی۔
ایئرسیال پاکستان کی تیسری نجی ایئرلائن ہے، دسمبر 2020ء میں شروع کی گئی ایئرلائن سیالکوٹ چیمبر آف کامرس کی ملکیت ہے، جس کو گزشتہ برس انٹرنیشنل آپریشن کی اجازت دی گئی، ایئرسیال کو مشرق وسطیٰ کے روٹ پر بین الاقوامی فضائی آپریشن شروع کرنے کی اجازت دی گئی، ابتدائی طور پر ان ممالک میں سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، قطر، ایران اور عراق شامل ہیں۔
رواں برس مارچ میں ایئر سیال نے 2 سال کامیاب ڈومیسٹک فلائٹ آپریشن کے بعد بین الاقوامی پروازوں کا آغاز کیا، ایئرسیال نے پاکستان سے سعودی عرب کے لیے فلائٹ آپریشن شروع کیا، اس سلسلے میں ایئرلائن انتظامیہ نے جدہ فلائٹ آپریشن شروع کرنے سے متعلق سول ایوی ایشن اتھارٹی کو پلان فراہم کیا، جس کے تحت ایئر سیال کی جانب سے 29 مارچ سے جدہ کے لیے پروازیں چلا کر بین الاقوامی فلائٹ آپریشن کا آغاز کیا گیا۔ ایئرسیال انتظامیہ نے کہا کہ پاکستان سے جدہ کے لیے انٹرنیشنل فلائٹس شروع کرنے کا اعلان کرتے ہوئے فخر محسوس کر رہے ہیں، اس موقع پر کمپنی کی جانب سے مختلف بینکوں کے کارڈز کے ذریعے فلائٹ بک کرنے کی صورت میں 10 فیصد خصوصی ڈسکاؤنٹ بھی دیا گیا۔