کویت نے عید الاضحیٰ پر ملازمین کو 6 چھٹیاں دے دیں
ریاستی ادارے اور وزارتیں پیر 3 جولائی کو دوبارہ کام شروع کریں گی
کویت نے عید الاضحیٰ 2023 کے موقع پر پبلک سیکٹر ملازمین کے لیے 6 روزہ تعطیل کا اعلان کردیا۔ کویت نیوز ایجنسی کے مطابق کویت کی کابینہ نے اعلان کیا ہے کہ تمام وزارتوں اور سرکاری اداروں میں عید الاضحیٰ منانے کے لیے 27 جون بروز منگل یومِ عرفات سے 2 جولائی بروز اتوار تک 6 دن کی چھٹی ہوگی، ریاستی ادارے اور وزارتیں پیر 3 جولائی کو دوبارہ کام شروع کریں گی تاہم کام کی ایک خاص نوعیت کی ایجنسیاں اپنی عید کی تعطیلات کا تعین مجاز اداروں کے ذریعے عوامی مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے کریں گی۔
مصر میں قومی ادارہ برائے فلکیاتی تحقیق کے تیارکردہ فلکیاتی کیلنڈر سے معلوم ہوا ہے کہ ذی الحجہ کے چاند کی پیدائش اتوار 29 ذی القعدہ 1444 بمطابق 18 جون 2023 کو کنجکشن کے فوراً بعد مکہ اور قاہرہ کے وقت کے مطابق ٹھیک 6 بج کر 38 منٹ پر ہو گی، نیا چاند مکہ مکرمہ کے آسمان پر 29 منٹ تک اور قاہرہ میں اس دن غروب آفتاب کے بعد 36 منٹ تک رہے گا۔
جہاں تک عرب اور اسلامی دارالحکومتوں، شہروں کا تعلق ہے تو نیا چاند اس دن غروب آفتاب کے بعد سات سے 44 منٹ کے درمیان رہے گا، اس حساب سے ماہ ذوالحجہ 1444 ہجری کا آغاز سوموار 19 جون 2023 عیسوی کو ہوگا جب کہ اس سال یوم عرفات 27 جون 2023 بروز منگل کو اور عید الاضحی 28 جون 2023 بروز بدھ کو ہوگی۔
واضح رہے کہ حج بیت اللہ 9 ذی الحج جبکہ عید الاضحٰی 10 ذی الحج کو منائی جاتی ہے، عید الاضحٰی کا موقع پر دنیا بھر کے کروڑوں مسلمان قربانی کا فریضہ ادا کرتے ہیں۔