پاکستانی عازمین حج کی رہنمائی کیلئے 50 سے زائد گائیڈز کی تعیناتی
پاکستان حج مشن نے مسجد الحرام میں نماز جمعہ کی ادائیگی کے لئے خصوصی انتظامات کیے
مکہ معظمہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 09 جون 2023ء ) مسجد الحرام میں پاکستانی عازمین حج کی رہنمائی کیلئے 50 سے زائد گائیڈز کی تعیناتی کردی گئی، پاکستان حج مشن کی جانب سے نماز جمعہ کی ادائیگی کے لئے بھی خصوصی انتظامات کیے گئے۔ ترجمان وزارت مذہبی امور نے بتایا ہے کہ پاکستانی عازمین کے لیے تعینات کیے جانے والے گائیڈز حرمِ پاک کے 7 دروازوں اور کلاک ٹاور کے سامنے پاکستانی پرچم والی جیکٹ اور ٹوپی پہنے ہر وقت موجود رہیں گے، نماز جمعہ کی ادائیگی کے لیے رش کے باعث مسجد الحرام کا گراؤنڈ فلور صبح 10 بجے سے پہلے ہی مکمل بھر گیا تھا جس کی وجہ سے سعودی حکام نے مزید عازمین کو اوپری منزلوں اور حرم پاک کی نئی توسیع کی جانب روانہ کیا۔
ترجمان وزارت مذہبی امور نے کہا کہ مسجد الحرام میں بیک وقت 25 لاکھ نمازیوں کی گنجائش موجود ہے، ماز جمعہ کے بعد پاکستانی عازمین حج کو بسوں پر ان کی رہائش گاہوں تک پہنچایا جائے گا، ڈائریکٹر حج مکہ، ڈائریکٹر معاونین، ڈائریکٹر سہولت و تعاون ٹیموں کے ہمراہ مسجد الحرام کے باہر موجود ہوں گے۔
وزارت کے ترجمان سے معلوم ہوا ہے کہ مکہ مکرمہ میں آج 40 ہزار سے زائد پاکستانی سرکاری عازمین حج موجود ہیں، شام تک 3 ہزار عازمین مدینہ منورہ میں قیام مکمل کرکے مکہ پہنچ جائیں گے جب کہ شام تک 26 سو سے زائد عازمین براستہ جدہ مکہ مکرمہ پہنچیں گے، پاکستانی عازمین کو 24 گھنٹے حرم ٹرانسپورٹ کی سہولت مہیا کی جا رہی ہے، حرم شریف آمد و رفت کیلئے عازمین کرام کو فی الوقت 190 جدید ترین مسافر بسیں مہیا کی گئی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ قبل از حج عازمین کی تعداد مکمل ہونے پر بسوں کی تعداد 360 تک پہنچ جائے گی، عازمین کرام کو عزیزیہ اور بطحہ قریش نامی بستیوں میں ٹھہرایا گیا ہے، مکہ مکرمہ میں عازمین کیلئے انتظامی اعتبار سے 9 رہائشی سیکٹرز قائم کیے گئے ہیں، حرم کے اطراف میں اجیاد، غزہ، جرول اور کدی کے مقامات پر بس سٹاپس بنائے گئے ہیں۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ عازمینِ حج کی رہنمائی کیلئے حرم کے داخلی خارجی راستوں پر 28 حرم گائیڈز تعینات ہیں، نماز جمعہ کی ادائیگی کے وقت حج مشن کے دیگر شعبہ جات کے معاونین بھی حرم گائیڈ کی ڈیوٹی دیں گے۔
ترجمان وزارت مذہبی امور سے معلوم ہوا ہے کہ اب تک سعودی عرب پہنچنے والے پاکستانی عازمین حج کی تعداد 50 ہزار 603 ہوچکی ہے، مذہبی امور مکہ میں عازمینِ حج کی تعداد 35 ہزار 693 ہے، ان میں نجی سکیم کے 4 ہزار عازمین بھی موجود ہیں جب کہ اس وقت مدینہ منورہ میں موجود سرکاری عازمینِ حج کی تعداد 14 ہزار 910 ہے۔