عراق میں داعش کے حملے میں تین فوجی ہلاک، چار زخمی
عراق کے شمال میں اتوار کو علی الصبح ہونے والے حملے میں تین عراقی فوجی ہلاک اور چار زخمی ہو گئے جس کا الزام داعش گروپ پر عائد کیا گیا۔
اے ایف پی نیوز ایجنسی کے مطابق عراقی فوجی اہلکار نے اپنا نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا ہے کہ حملہ آوروں نے کرکوک شہر سے 25 کلومیٹر مغرب میں واقع وادی النفت میں موجود بیرکوں پر ئے جانے والے حملے میں خودکار ہتھیار استعمال کئے ہیں۔
فوج کے اہلکار نے مزید بتایا کہ اس حملے میں دو افسران سمیت تین فوجی مارے گئے جب کہ چار دیگر فوجی زخمی ہوئے ہیں، اس حملے کی فوری طور پر کسی نے ذمہ داری قبول نہیں کی۔
یہ حملہ عراق کی وفاقی حکومت کے درمیان متنازعہ علاقے میں ہوا جس کے پاس کرکوک کا علاقہ ہے جو عراق کے خود مختار شمالی خطے کردستان میں ہے۔
واضح رہے کہ 2014 میں داعش کے شدت پسندوں نے عراق اور اس کے ہمسایہ ملک شام کے ایک بڑے حصے پر قبضہ جما لیا تھا اور ‘خلافت’ کا اعلان کیا تھا۔
داعش کے شدت پسندوں سے لڑنے کے لیے قائم کیے گئے بین الاقوامی اتحاد کی جانب سے اپریل میں کہا گیا تھا کہ عراق اور شام دونوں میں داعش کے حملوں میں کمی آئی ہے۔
دریں اثنا مارچ میں عراق کے ایک سینئر فوجی اہلکار نے کہا تھا کہ علاقے میں داعش کے 400 سے 500 کارکن موجود ہیں جو مختلف سرگرمیوں میں ملوث ہیں۔