بڑی خبر: سعودی عرب اور چین میں 10 ارب ڈالر کے معاہدے طے
عرب نیوز کے مطابق دسویں عرب چین کاروباری کانفرنس میں دونوں ممالک کے درمیان ٹیکنالوجی، قابل تجدید ذرائع، زراعت، رئیل اسٹیٹ، معدنیات، سپلائی چَین، سیاحت اور صحت سے متعلق شعبوں سمیت دیگر سیکٹرز دس ارب ڈالر کے تیس معاہدے طے پائے ہیں۔
سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے ولئ عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی جانب سے کانفرنس کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ ولئ عہد عرب دنیا اور چین کے درمیان تمام شعبوں میں دیرینہ اور جدید شراکت داری کو بڑھانے کے لیے مسلسل اور تیزی کے ساتھ کوششیں کررہے ہیں۔
سعودی وزارتِ سرمایہ کاری نے کہا کہ حکومت نے متعدد چینی اداروں کے ساتھ پراجیکٹس کے سلسلے میں معاہدوں پر دستخط کیے ہیں جن میں آٹوموٹیو ریسرچ، ڈیولپمنٹ، مینوفیکچرنگ اور سیلز، سیاحت اور دیگر ایپس کی ترقی کے حوالے سے منصوبے شامل ہیں، جب کہ سعودی سرزمین پر ریل ویگن اور پہیوں کی تیاری کے لیے مشترکہ منصوبے بھی معاہدے کا حصہ ہیں۔
اتوار کو ریاض میں شروع ہونے والی اہم کاروباری ایونٹ میں کئی بزنس ٹو بزنس ڈیلز پر بھی دستخط کیے گئے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سعودی وزیر توانائی شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان کا کہنا تھا کہ یہ بات حیرانی کا باعث نہیں ہوگی کہ آپ سعودی چینی سرمایہ کاری کے حوالے سے جلد مزید اعلانات سنیں۔ انھوں نے کہا کہ ہماری مملکت دنیا کی دوسری بڑی معیشیت سے مقابلہ کیرنے کے بجائے اس کے ساتھ شراکت کرنا پسند کرے گی۔
واضح رہے کے اس دو روزہ تقریب کا انعقاد سعودی عرب کی انویسٹمنٹ اور فارن منسٹریز نے عرب لیگ کے جنرل سیکریٹریٹ، چینی کونسل فار پرموشن آف انٹرنیشنل ٹریڈ اور یونین آف عرب چیمبرز کے تعاون سے کیا ہے۔