کویت میں 66 ہزار سے زائد غیرملکیوں کے ڈرائیونگ لائسنس منسوخ
کویت نے 66 ہزار سے زیادہ غیر ملکیوں کے درست ڈرائیونگ لائسنس منسوخ کر دیئے۔ گلف نیوز کے مطابق کویتی وزارت داخلہ نے ایسے تارکین وطن کے 66 ہزار 854 درست ڈرائیونگ لائسنس منسوخ کرنے کا اعلان کیا ہے جن کے ورک پرمٹ مستقل طور پر منسوخ کر دیے گئے ہیں، جس سے خصوصی کمیٹی کی سفارشات کی بنیاد پر اٹھائے گئے اقدامات کی تصدیق ہوتی ہے، جس کا مقصد ڈرائیونگ لائسنس کی صداقت سے متعلق وزارتی فیصلوں کی تعمیل کو یقینی بنانا ہے۔
بتایا گیا ہے کہ ملک کے پہلے نائب وزیر اعظم، وزیر داخلہ اور قائم مقام وزیر دفاع شیخ طلال الخالد کی طرف سے قائم کردہ کمیٹی پہلے سے جاری کردہ ڈرائیونگ لائسنسوں کی جانچ کر رہی ہے تاکہ ان کی مخصوص وزارتی شرائط پر عمل کیا جا سکے، ریگولیٹری فریم ورک کو مستحکم کرتے ہوئے مزید وزارتی فیصلوں پر عمل
کرنے کی توقع ہے، کمیٹی کا جاری کام موجودہ ڈرائیونگ لائسنسوں کی باریک بینی سے جانچ پڑتال کے گرد گھومتا ہے، ان کی وزارتی شرائط کی تعمیل کو یقینی بنانا بھی اس میں شامل ہے، کمیٹی کی جانب سے اپنی سفارشات فراہم کرنے کے بعد متعلقہ وزارتی فیصلے فوری طور پر جاری کیے جائیں گے۔
معلوم ہوا ہے کہ کمیٹی کے ابتدائی نتائج میں ایسے افراد کے لیے 66 ہزار 584 درست لائسنسوں کی موجودگی کا انکشاف ہوا ہے جن کی کویت میں رہائش یا تو ان کے انتقال یا ملک سے روانگی کی وجہ سے منسوخ کر دی گئی ہے، نتیجتاً ان تمام لائسنسوں کو ضابطے کے مطابق منسوخ کر دیا گیا ہے، ان تارکین وطن کے کویت واپس آنے کی صورت میں انہیں لائسنسنگ کے عمل کا دوبارہ شروع سے آغاز کرنا ہوگا بشرطیکہ وہ ضروری معیار پر پورا اتریں، تاہم ان کے پہلے جاری کردہ لائسنسوں کی تجدید کی اجازت نہیں ہوگی۔