قطری پاسپورٹ رکھنے والوں کو بغیر ویزہ پاکستان آنے کی اجازت
پاکستان نے قطری پاسپورٹ رکھنے والوں کو ویزہ آن ارائیول کی سہولت دے دی۔ دوحہ نیوز کے مطابق قطر کی وزارت خارجہ کے ایک سرکاری ذریعے نے اعلان کیا ہے کہ قطری پاسپورٹ رکھنے والے اب ویزہ آن ارائیول کے ساتھ پاکستان میں داخل ہو سکتے ہیں، سفارتی، خصوصی یا عام حیثیت کے حامل قطر سے پاسپورٹ رکھنے والے سیاحتی ویزہ کے ساتھ 30 دن کی مدت کے لیے پاکستان میں داخل ہو سکتے ہیں، اس مقصد کے لیے انہیں ویزہ پاکستان پہنچنے کے بعد ہوائی اڈے پر فراہم کیا جائے گا، اس ویزہ کی مدت میں مزید 30 دن کی توسیع کروانے کی بھی اجازت دی گئی ہے، تاہم فی الحال دوحہ آنے والے پاکستانیوں کو اب بھی ایران، ہندوستان، تھائی لینڈ اور یوکرین کے شہریوں کے ساتھ شامل ہونے کے لیے، ڈسکور قطر ویب سائٹ کے ذریعے ہوٹل بکنگ کرنے کی ضرورت ہے۔
حال ہی میں آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی دوحہ میں قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی سے ملاقات ہوئی، قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی نے اپنے امیری دیوان آفس میں اسلامی جمہوریہ پاکستان کے چیف آف آرمی سٹاف لیفٹیننٹ جنرل سید عاصم منیر اور ان کے ہمراہ آنے والے وفد سے ملاقات کی، اس ملاقات کے دوران انہوں نے پاکستان اور قطر کے درمیان دوطرفہ تعلقات اور ان کو بڑھانے کے طریقوں کے علاوہ تازہ ترین علاقائی اور بین الاقوامی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
قبل ازیں قطر انویسٹمنٹ اتھارٹی کے سی ای او منصور ابراہیم المحمود نے دوحہ میں وزیراعظم محمد شہباز شریف سے ملاقات کی جس میں پاکستان کی معیشت کے متعدد شعبوں میں سرمایہ کاری کی مختلف تجاویز پر پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا گیا، ملاقات کے دوران پاکستان کے توانائی اور بنیادی ڈھانچے کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع پر روشنی ڈالی گئی، قطر انویسٹمنٹ اتھارٹی نے پاکستان میں ایل این جی پاور پلانٹس، ایئرپورٹس اور سولر پاور پارکس میں سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔