سعودی عرب کا نئے ای ویزہ انٹری پرمٹ کا اعلان
سعودی عرب نے برطانیہ، امریکہ اور شینگن ویزا رکھنے والے پاکستانیوں اور دیگر غیرملکیوں کے لیے نئے ای ویزا انٹری پرمٹ کا اعلان کردیا، درخواست دہندگان کے فرسٹ ڈگری رشتہ دار بھی آمد پر ویزا حاصل کرسکتے ہیں۔ سعودی گزٹ کے مطابق مملکت کی وزارت سیاحت نے اعلان کیا ہے کہ برطانیہ، امریکہ اور شینگن کے سیاحتی ویزہ رکھنے والے نیز یورپی یونین کے کسی بھی ملک کے مستقل باشندے وزارت خارجہ کی ویب سائٹ کے ذریعے فوری ای ویزہ کے لیے درخواست دے کر سعودی عرب میں آسانی سے داخلہ حاصل کرسکتے ہیں۔
بتایا گیا ہے کہ امریکہ و برطانیہ یا شینگن ریاستوں میں سے کسی ایک سے درست سیاحت یا کاروباری ویزا کے حاملین اس سہولت سے فائدہ اٹھاسکتے ہیں بشرطیکہ ویزہ جاری کرنے والے ملک میں داخل ہونے کے لیے کم از کم ایک بار استعمال کیا گیا ہو، مذکورہ سہولت کے ذریعے ویزہ ہولڈر کے فرسٹ ڈگری کے رشتہ داروں کے ساتھ ساتھ ان لوگوں کو بھی مملکت میں داخلے کی اجازت فراہم کی گئی ہے جنہوں نے امریکہ، یورپی یونین یا برطانیہ میں مستقل رہائش حاصل کی ہے۔
معلوم ہوا ہے کہ مذکورہ ممالک کی مستقل رہائش رکھنے والے فرسٹ ڈگری کے رشتہ داروں کو کسی بھی ہوائی، زمینی اور سمندری بندرگاہوں پر آن ارائیول ویزہ کے ذریعے مملکت میں داخل ہونے کی اجازت ہوگی، یہ اقدام وزارت کی ان کوششوں سے مطابقت رکھتا ہے جن کا مقصد ان افراد کو مملکت میں داخلے کی سہولت دینا ہے جو اس کا دورہ کرنا چاہتے ہیں، نئے ویزہ پر سعودی عرب آنے والوں کو سیاحتی مقامات سے لطف اندوز ہونے، سیاحتی تقریبات میں شرکت کرنے اور مملکت کے ورثے و تاریخی گہرائی کے بارے میں آگاہی حاصل کرنے کا موقع ملے گا۔
وزارت کا کہنا ہے کہ ترمیم شدہ سیاحتی ویزہ ریگولیشن میں قوانین اور ہدایات کی تعمیل انتہائی ضروری ہے، جیسے کہ شناختی دستاویزات ہر وقت اپنے ساتھ رکھنا جب کہ سیاحتی ویزے اپنے حاملین کو حج کے موسم میں نہ تو حج اور نہ ہی عمرہ کرنے کا حق دیتے ہیں، جو لوگ سیاحتی ویزا کے ضابطے کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں وہ وزارت خارجہ کی ویب سائٹ ملاحظہ کریں، جہاں سے وہ ویزہ کے لیے درخواست دینے کی اہل قومیتوں کی فہرست تک رسائی بھی حاصل کرسکتے ہیں۔