ابوظبی کی پہلی کار فیکڑی جو ری سائیکل مواد استعمال کرے گی
خطے میں پائیدار پروڈکشن کو فروغ دینے کے لیے ابوظبی اپنی پہلی گاڑیوں کی فیکٹری لگانے کے لیے تیار ہے جو ری سائیکل مواد استعمال کرتی ہے۔
سرکاری نیوز ایجنسی وام کے مطابق متحدہ عرب امارات کے ای کامرس پلیٹ فارم سناھا نے ملک میں اس طرح کی پہلی فسلٹی کی تعمیر کے لیے انٹرنیشنل شراکت داروں کے ساتھ ایک معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق سناھا ایک اماراتی بزنس ٹو بزنس پلیٹ فارم ہے جو قومی صنعتوں اور مصنوعات کی سپورٹ، فروغ اور مارکیٹنگ کرتا ہے۔
یہ انیشیٹو ملک کے آٹو موٹیو سیکٹر کے لیے ایک اہم سنگ میل کی نشاندہی کرتا ہے اور متحدہ عرب امارات کی صنعتی حکمت عملی کو آگے بڑھانے میں مدد کرے گا۔
سناھا کے چیئرمین نے ایک بیان میں کہا کہ ’ سناھا پلیٹ فارم میں ہم قومی صنعتی شعبے کی حمایت اور صنعتی صلاحیت کو بہتر بنانے کے لیے تمام شراکت داروں کے ساتھ مربوط انداز میں تمام قومی کوششوں اور حکمت عملیوں کی سپورٹ کرتے ہیں‘۔
وام کی رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ ’ اس فسلٹی میں تیار کی جانے والی گاڑیوں میں بیرونی ڈھانچے موجود ہوں گے جو وزن اور مواد کی کھپت کو کم کرکے ایندھن کی کارکردگی کو بڑھاتے ہیں‘۔
یہ فیکٹری انٹرنیشنل مارکیٹ کو سستی، اعلیٰ معیار کی کاریں بھی فراہم کرے گی جس میں جدید فور وہیل ڈرائیو ٹیکنالوجی ہے۔
اس معاہدے پر ابوظبی انرجی سینٹر میں 31 مئی سے یکم جون تک ہونے والے میک اٹ ان ایمریٹس فورم کے دوران دستخط کیے گئے۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ یہ معاہدہ نومبر میں متحدہ عرب امارات میں منعقد ہونے والی اقوام متحدہ کی موسمیاتی تبدیلی کانفرنس کے 28 ویں اجلاس سے مطابقت رکھتا ہے۔
وزارت صنعت اور جدید ٹیکنالوجی اور سناھا ڈیٹا ایکسچینج اور ڈیجیٹل مارکیٹنگ کے ذریعے گزشتہ ہفتے قومی صنعتی شعبے کی ترقی کو سپورٹ کرنے کے لیے مفاہمت کی ایک یادداشت پر دستخط کیے جس سے متحدہ عرب امارات کی تیار کردہ مصنوعات کی مقامی، علاقائی اور عالمی سطح پر مسابقت کو بڑھایا گیا۔
یہ معاہدہ متحدہ عرب امارات کے صنعتی شعبے کی ترقی اور صارفین کے درمیان مقامی مصنوعات کو فروغ دینے اور سپلائی چین کو مضبوط بنانے کے لیے قومی حکمت عملی برائے صنعت و ٹیکنالوجی کے مقاصد سے ہم آہنگ ہے۔