مکہ مکرمہ شدید گرمی کی لپیٹ میں
آج مملکت میں سب سے زیادہ درجہ حرارت مکہ میں ریکارڈ کیا گیا
سعودی عرب کے مقدس شہر مکہ مکرمہ ان دنوں شدید گرمی کی لپیٹ میں ہے جہاں آج مملکت میں سب سے زیادہ درجہ حرارت مکہ میں ریکارڈ کیا گیا۔ سعودی نیوز پورٹل سبق کے مطابق آج بدھ کے روز قومی مرکز برائے موسمیات نے مملکت کے کچھ شہروں کے لیے زیادہ سے زیادہ اور کم سے کم درجہ حرارت کے بارے میں بتایا، جہاں مملکت میں سب سے زیادہ مکہ المکرمہ میں درجہ حرارت 46 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جب کہ ابہا میں سب سے کم درجہ حرارت 20 سینٹی گریڈ ریکارڈ رہا۔
مرکز نے بتایا کہ آج متوقع زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت مکہ المکرمہ میں 46 ڈگری سینٹی گریڈ، السمان، وادی الدواسیر اور الاحساء میں 44 ڈگری سینٹی گریڈ، اس کے بعد الخرج، عرفات اور مزدلفہ میں 43 ڈگری سینٹی گریڈ رہے گا، کم سے کم درجہ حرارت کے حوالے سے، ابہا 20 ڈگری سینٹی گریڈ کے ساتھ فہرست میں سب سے نمایاں ہے، اس کے بعد تریف اور قریت میں 21 ڈگری سینٹی گریڈ جب کہ الباحہ میں 25 غری سینٹی گریڈ نوٹ کیا گیا۔
معلوم ہوا ہے کہ سعودی عرب نے گرمیوں میں سڑکوں کو ٹھنڈا رکھنے کے منصوبے کے تحت سورج کی شعاعیں منعکس کرنے والی ٹیکنالوجی کا استعمال شروع کردیا ہے، پبلک روڈز اتھارٹی ایسی ریسرچ اور عملی تجربات تیار کرنے پر کام کر رہی ہے جن سے سڑک استعمال کرنے والوں کے تجربے کو بہتر بنایا جا سکے، یہ تجربات سڑک کے شعبے کی حکمت عملی کے مقاصد کو حاصل کرنے میں معاون ہیں، پبلک روڈز اتھارٹی کے سڑک کی پائیداری بڑھانے کے تجربات بھی جاری ہیں، جس کا مقصد محلوں اور رہائشی علاقوں میں درجہ حرارت کو کم کرنا، عمارتوں کو ٹھنڈا کرنے کے لیے استعمال ہونے والی توانائی کا استعمال کم کرنا اور موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات کو کم کرنا ہے۔
بتایا گیا ہے کہ سعودی عرب میں سڑکوں کے لیے جنرل اتھارٹی نے وزارت بلدیات، دیہی امور اور ہاؤسنگ کے اشتراک سے ’کولنگ اسفالٹ سرفیسز‘ کا تجربہ کرنا شروع کر دیا ہے، کیوں کہ سڑکیں دن کے وقت درجہ حرارت جذب کرتی ہیں جو بعض اوقات 70 ڈگری سیلسیس تک پہنچ جاتا ہے اور سائنسی طور پر سڑکیں پر اس گرمی کو رات کے وقت دوبارہ چھوڑتی ہیں جو ایک سائنسی رجحان کا باعث بنتی ہے جسے ’ہیٹ آئی لینڈ فینومینن‘ کہا جاتا ہے، یہ صورتحال توانائی کی کھپت اور فضائی آلودگی میں اضافے کا باعث بنتی ہے۔