امریکی جریدے کا آرمی چیف جنرل عاصم منیر کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین

امریکی سینٹرل کمانڈ کے جریدے ’یونی پاتھ‘ نے آرمی چیف جنرل عاصم منیر کو ان کی پیشہ ورانہ اور قائدانہ صلاحیتوں کے اعتراف میں شاندار الفاظ میں خراج تحسین کیا۔
مضمون میں آرمی چیف جنرل عاصم منیر کو انتہا پسندوں کے خلاف ایک توانا آواز قرار دیتے ہوئے لکھا گیا کہ ان کو ایسے لیڈر کے طور پر یاد کیا جائے گا جن کا اولین عزم ملکی سلامتی اور خوشحالی ہے۔
یونی پاتھ نے جنرل عاصم منیر کی قیادت، فوجی پس منظر، دہشتگردی کے خلاف کوششوں کو اجاگر کیا جبکہ ان کے دہشتگردی پر مؤقف، ففتھ جنریشن وارفیئر، غیر ملکی جارحیت کے خلاف صلاحیت اور سماجی و اقتصادی اقدامات پر روشنی ڈالی۔
جریدے نے لکھا کہ آرمی چیف کمان سنبھالنے کے بعد سے ملکی سلامتی، استحکام اور خوشحالی کیلیے کوشاں ہیں، ان کی قیادت میں شدت پسندگروپوں کے خلاف 22 ہزار 409 انٹیلی جنس پر مبنی وسیع فوجی آپریشن ہوئے جن میں 398 دہشتگردوں کا خاتمہ کیا گیا، انہوں نے واضح کیا کہ دہشتگردوں کو ریاستی رٹ کے سامنے سر تسلیم خم کرنا ہوگا اور پاکستان اپنے شہریوں کی حفاظت کیلیے دہشتگردوں کے نیٹ ورکس ختم کرے گا۔
’جنرل عاصم منیر ففتھ جنریشن وارفیئر سے درپیش چیلنجز کو تسلیم کرتے ہیں۔ وہ پاکستان کی خود مختاری کیلیے فوج کی تیاری پر زور دیتے ہیں۔ ایران کی طرف سے میزائل حملوں کے بعد پاکستان نے اپنے عزم کا اظہار کیا۔ ایران میں دہشتگردوں کے ٹھکانوں کو کامیابی کے ساتھ نشانہ بنایا گیا۔‘
مزید لکھا گیا کہ آرمی چیف نے ایس آئی ایف سی اور گرین پاکستان انیشیٹو جیسے اقدامات میں تعاون کیا، انہوں نے ملازمتیں پیدا کرنے اور معاشی ترقی کی حمایت کی ہے، وہ مذہبی ہم آہنگی اور اقلیتوں کے تحفظ کی ضرورت پر زور دیتے ہیں اور عدم برداشت کی کارروائیوں کی مذمت کرتے ہیں۔