پاکستانی طالبعلم نے پیدل سعودی عرب پہنچ کر حج کا ویزہ حاصل کرلیا
عثمان ارشد سے سعودی عرب میں پاکستان کے ڈی جی حج عبدالوہاب سومرو نے ملاقات کی اور ان کی حوصلہ افزائی کی
پاکستان کے شہر اوکاڑہ سے تعلق رکھنے والے طالب علم نے پیدل سعودی عرب پہنچ کر حج کا ویزہ حاصل کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر وزارت مذہبی امور نے بتایا ہے کہ پاکستان سے پیدل سعودی عرب پہنچنے والے طالب علم عثمان ارشد کو حج کا ویزا مل چکا ہے، مکہ مکرمہ میں پاکستان حج مشن پہنچنے پر اوکاڑہ یونیورسٹی میں بی ایس ماس کمیونیکیشن کے طالب علم عثمان کا پرتپاک استقبال کیا گیا، عثمان سے سعودی عرب میں پاکستان کے ڈی جی حج عبدالوہاب سومرو نے ملاقات کی، ڈائریکٹر جنرل حج نے پاکستانی طالب علم کے شاندار سفر کو سراہتے ہوئے انہیں اعتراف اور حوصلہ افزائی کے طور پر تحائف سے نوازا۔
اس موقع پر عبدالوہاب سومرو نے کہا کہ عثمان ارشد پاکستانی نوجوانوں کےلیے ایک منفرد مثال ہے، اس کے پیش نظر عثمان ارشد کے حج ویزے کے اجراء میں پاکستان حج مشن نے اہم کردارادا کیا، عثمان ارشد کو عازمین حج کی سرکاری رہائش میں ٹھہرا یا گیا ہے، جہاں حج مشن عازمین کو ہر قسم کی سہولت فراہم کر رہا ہے، عازمین کو رہائش، خوراک اور ٹرانسپورٹ کی سہولت مہیا کی جا رہی ہے اور اس وقت تک 70 ہزار عازمین پاکستان سے مکہ مکرمہ پہنچ چکے ہیں۔
معلوم ہوا ہے کہ عثمان ارشد نے اپنے سفر کا آغاز یکم اکتوبر 2022ء کو اوکاڑہ سے کیا تھا اور 13 اپریل 2023 کو کامیابی سے اپنا سفر مکمل کرتے ہوئے سعودی عرب پہنچے، فریضہ حج کی ادائیگی کی مبارک نیت سے انہوں نے 6 ماہ اور 13 دن میں 5 ہزار 400 کلومیٹر فاصلہ طے کیا، 3 ملکوں کے بارڈرز عبور کرتے ہوئے سعودی عرب پہنچنے کے لیے وہ روزانہ 35 سے 60 کلومیٹر پیدل سفر کرتے تھے، اس مہم کے دوران عثمان ارشد کا 8 لاکھ 50 ہزار روپے خرچہ آیا، سعودی عرب میں حج ویزہ کے حصول میں مشکلات کا سامنا ہوا تو عثمان نے ڈائریکٹر جنرل حج عبدالوہاب سومرو سے مدد طلب کی کیوں کہ جب وہ اپنے مقدس سفر پر روانہ ہوئے تو حج کے ویزوں کا اجراء ابھی شروع نہیں ہوا تھا اور انہوں نے عمرے کا ویزہ حاصل کرکے اپنا سفر شروع کردیا تھا۔