متحدہ عرب امارات میں دوپہر کے وقت دھوپ میں کام پر پابندی عائد
دوپہر 12بج کر 30 منٹ سے سہ پہر 3 بجے تک کھلی جگہوں اور براہ راست سورج کی روشنی میں کام روک دیا جائے گا
متحدہ عرب امارات میں دوپہر کے وقت دھوپ میں کام پر پابندی عائد کردی گئی۔ اماراتی میڈیا کے مطابق متحدہ عرب امارات نے آج 15 جون سے 3 ماہ کے لیے دوپہر کے وقت دھوپ میں کام کرنے پر پابندی عائد کردی ہے، اس دوران روزانہ دوپہر 12بج کر 30 منٹ سے سہ پہر 3 بجے تک کھلی جگہوں اور براہ راست سورج کی روشنی میں کام کرنے پر پابندی ہوگی۔
انسانی وسائل اور امارات کی وزارت (ایم او ایچ آر ای) نے کہا ہے کہ پابندی کے مہینوں کے دوران روزانہ کام کے اوقات 8 گھنٹے سے زیادہ نہیں ہوں گے، اگر کسی ملازم کو روزانہ 8 گھنٹے سے زیادہ کام کرنے پر مجبور کیا جاتا ہے تو اضافی مدت کو اوور ٹائم سمجھا جائے گا اور ملازم معاوضے کا حق دار ہوگا، آجروں کو ایک سایہ دار جگہ فراہم کرنے کا بھی پابند کیا گیا ہے جہاں کارکن دوپہر کے وقفے کے دوران آرام کرسکیں۔
بتایا گیا ہے کہ پابندی کی دفعات اور ضابطے کی خلاف ورزی کرنے والے آجروں پر ہر کارکن کے لیے 5 ہزار درہم جرمانہ عائد کیا جائے گا، زیادہ سے زیادہ جرمانے کی رقم 50 ہزار درہم ہے اگر متعدد کارکنوں کو ممنوعہ اوقات کے دوران کام کرنے پر مجبور کیا جاتا ہے، اس ضمن میں کمیونٹی ممبران کی حوصلہ افزائی کی جاتی ہے کہ وہ اس حوالے سے ہونے والی خلاف ورزیوں کی اطلاع دیں۔
انسانی وسائل اور امارات کی وزارت میں معائنہ کے امور کے اسسٹنٹ انڈر سیکرٹری محسن الناسی نے کہا ہے کہ کارکنوں کی صحت اور حفاظت لیبر مارکیٹ کی قانون سازی کا بنیادی ستون ہے، دوپہر کے کام کا وقفہ لگاتار 19 ویں سال لاگو کیا جا رہا ہے، یہ فیصلہ اعلیٰ ترین پیشہ ورانہ اور انسانی معیارات کے تحت ہے جو کارکنوں کو گرمیوں کے دوران، خاص طور پر دوپہر کے وقت زیادہ درجہ حرارت کے نتیجے میں موسم کی شدت کے ممکنہ خطرے سے بچانے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ دوپہر کے وقت کام پر پابندی لگانے کا فیصلہ لیبر مارکیٹ کے لئے ایک قابل ذکر سنگ میل ہے جو متحدہ عرب امارات اور ہماری کمیونٹی کلچر میں کام کے ماحول کے ضوابط کا ایک لازمی حصہ ہے، وزارت کے شراکت دار اور دیگر افراد موسم گرما کے مہینوں کے دوران متعدد اقدامات شروع کرتے ہیں، جن کے تحت کارکنوں کو وہ سامان مہیا کیا جاتا ہے جو انہیں دھوپ میں براہ راست کام کرنےکے دوران تحفظ فراہم کرتے ہوئے گرمی کی تھکن اور سن اسٹروک سے بچاتا ہے۔