سعودی عرب میں 302 کلو کوکین کی اسمگلنگ ناکام
منشیات ملائیشیا سے اسمگل کی جارہی تھی جس کے بارے میں خفیہ اطلاع ملنے پر کارروائی عمل میں لائی گئی
سعودی عرب میں 302 کلو کوکین کی اسمگلنگ ناکام بنادی گئی۔ سعودی عرب کی پریس ایجنسی ‘ایس پی اے‘ کے مطابق 302.2 کلو کوکین اسمگلنگ ملائیشیا سے کی جارہی تھی، جس کے بارے میں خفیہ اطلاع ملنے پر کارروائی عمل میں لائی گئی، اس ضمن میں وزارت داخلہ کے سکیورٹی ترجمان کرنل طلال بن عبدالمحسن بن شلہوب نے بتایا کہ سعودی عرب میں کسی ملک سے آنے والے کنٹینر کے اندر سویابین میں چھپائی گئی منشیات کا پتا چلا، جس کے بعد کارروائی کرتے ہوئے یہ اسمگلنگ ناکام بنائی گئی۔
انہوں نے کہا کہ سعودی عرب منشیات کے ذریعے مملکت، اس کے نوجوانوں اور پوری دنیا کی سلامتی کو نشانہ بنانے والی مجرمانہ سرگرمیوں کو روکنے کی کوشش جاری رکھے ہوئے ہے، منشیات کی لعنت سے نجات کے لیے اس مکروہ دھندے میں ملوث اسمگلروں کو گرفتار کرکے انہیں قانون کے حوالے کردیا گیا۔
چند روز قبل زکوٰۃ، ٹیکس اور کسٹمز اتھارٹی (ZATCA) نے ایمپٹی کوارٹر پورٹ میں 100 کلو گرام سے زائد نشہ آور چرس سمگل کرنے کی کوشش کو کامیابی سے ناکام بنایا، اتھارٹی نے کہا کہ حشیش خالی کوارٹر پورٹ کے ذریعے سعودی عرب آنے والے ٹرکوں میں سے ایک کے اندر چھپائی گئی پائی گئی تھی۔
اتھارٹی نے متنبہ کیا ہے کہ وہ سعودی عرب کی درآمدات اور برآمدات پر کسٹم کنٹرول کو سخت کرنے کو جاری رکھے گی، اسمگلنگ کی تمام کوششوں کا مقابلہ کرتے ہوئے جنرل ڈائریکٹوریٹ آف نارکوٹکس کنٹرول (GDNC) کے ساتھ ہم آہنگی اور مسلسل تعاون کے ذریعے معاشرے کی سلامتی اور تحفظ کو فروغ دیا جائے گا۔ ایسی ہی ایک اور کارروائی میں سعودی عرب کے محکمہ انسداد منشیات نے دارالحکومت ریاض میں کارروائی کے دوران 40 لاکھ سے زیادہ ممنوعہ گولیاں ضبط کرکے 6 افراد کو گرفتار کرلیا، جنرل ڈائریکٹوریٹ آف نارکوٹکس کنٹرول (GDNC) کے سرکاری ترجمان مروان الحازمی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ریاض میں 40 لاکھ 94 ہزار 950 سے زیادہ ممنوعہ گولیاں سمگل کرنے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے 6 افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے، گرفتار افراد میں 3 مصری، ایک سوڈانی، ایک یمنی اور ایک مقامی شہری شامل ہے، جنہیں گرفتار کرکے پبلک پراسیکیوشن کے حوالے کردیا گیا۔