کویت میں غیرملکیوں کے فیملی ویزہ کی بحالی کا عمل شروع
کئی مہینوں بعد ایک بار پھر اہل خانہ کو وزٹ ویزہ کے لیے درخواست دینے کی اجازت دیئے جانے کا امکان پیدا ہوگیا
خلیجی ملک کویت میں غیرملکیوں کے فیملی ویزہ کی بحالی کا عمل شروع کردیا گیا۔ مقامی میڈیا کے مطابق کویت کی طرف سے فیملی وزٹ ویزہ کی بحالی کی جانب سے اہم پیشرفت سامنے آئی ہے، جہاں ایک بار پھر ان ویزہ درخواستوں کو قبول کرنے کی اجازت ملنے کا امکان ہے، جس کے نتیجے میں کئی مہینوں کے وقفے کے بعد کویت ایک بار پھر ملک میں کام کرنے والے غیرملکی ملازمین کے اہل خانہ کو وزٹ ویزے جاری کرسکتا ہے۔
بتایا گیا ہے کہ کویت کی جانب سے ویزہ جاری کرنے سے متعلق ضروری طریقہ کار اور ضروریات کو مکمل کرنے کے بعد فیملی ویزہ کی درخواستیں دوبارہ کھول دی جائیں گی، درخواست دہندگان کے لیے اہلیت کے معیار میں تنخواہ اور ملازمت کی سکیورٹی کو شامل کیا جائے گا اور ویزہ درخواستوں میں میں فرسٹ ڈگری کے رشتہ داروں کو ترجیح دی جائے گی۔
علاوہ ازیں کویت نے کھیلوں، ثقافتی اور سماجی سرگرمیوں کے لیے نیا انٹری ویزہ متعارف کرایا ہے، ملک کے نائب وزیر اعظم اور وزیر داخلہ طلال الخالد نے نیا ویزہ متعارف کرانے کا حکم نامہ جاری کیا، جس کے تحت کویت میں کھیلوں، ثقافتی یا سماجی سرگرمیوں کی مشق کرنے کی اجازت دی گئی ہے، ویزہ کویتی جنرل ڈائریکٹوریٹ برائے ریزیڈنسی افیئرز کی جانب سے اسپورٹس کلبوں یا ملک میں تسلیم شدہ ثقافتی اور سماجی اداروں اور تنظیموں کی جانب سے پیش کردہ درخواست پر جاری کیا جائے گا جو کہ رہائشی امور کے حکام کے مقرر کردہ ضوابط کے مطابق ہے۔
حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ نیا ویزہ رکھنے والے کو داخلے کی تاریخ سے شروع ہو کر کویت میں تین ماہ کے لیے رہائش کی اجازت ہوگی، جو زیادہ سے زیادہ ایک سال کے لیے قابل تجدید بھی ہے، اس قدم کا مقصد کویت میں متعلقہ سرگرمیوں اور اقتصادی و تجارتی سرگرمیوں کو فروغ دینا ہے۔