شہری نے ماں کی محبت میں ’’تاج محل‘‘ بنوا دیا
تاج محل کو دنیا میں محبت کی علامت تصور کیا جاتا ہے ایک شہری نے اپنی ماں کی محبت میں تاج محل بنوا کر تاریخ میں اپنا نام لکھوا دیا ہے۔
تاج محل کا نام آتے ہی ذہن میں مغل بادشاہ شاہ جہاں کا نام آتا ہے جس نے اپنی مرحومہ ملکہ ممتاز بیگم کی یاد میں آگرہ میں تاج محل بنایا تھا لیکن بھارت میں ہی ایک شہری نے اپنی ماں سے لازوال محبت کا اظہار کرتے ہوئے ان کی زندگی میں ہی تاج محل بنوا کر تاریخ میں اپنا نام رقم کرا لیا ہے۔
اپنی ماں سے اظہار محبت کے لیے تاج محل بنوانے والے شہری امر الدین شیخ داؤد کا تعلق بھارتی ریاست تامل ناڈو کے شہر چنائی سے ہے جو پیشے کے لحاظ سے ایک کاروباری شخص ہے اور اس نے آگرہ کے تاج محل سے مشابہہ چنئی کے علاقے تھرووارور میں ایک عمارت تعمیر کرائی ہے جس پر 5 کروڑ بھارتی روپے لاگت آئی ہے۔
اس کی تعمیر کے لیے سنگ مرمر راجھستان سے منگوایا گیا تھا اور اس کی تکمیل میں لگ بھگ دو برس لگے۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق امر الدین شیخ جن کے والد ان کے لڑکپن میں ہی فوت ہوگئے تھے اور والد کے انتقال کے بعد ان کی والدہ جیلانی بیگم نے امر الدین کی جانفشانی سے پرورش کی اور امر الدین نے ماں کی زندگی بھر کی قربانی کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے یہ ’’تاج محل‘‘ بنوایا ہے۔
امر الدین کا بھی کہنا ہے کہ وہ اپنی والدہ کی قربانیوں اور محبت کا جواب تو نہیں دے سکتے لیکن اس چھوٹے تاج محل کے ذریعے ان سے اپنی عقیدت کا اظہار تو کرسکتے ہیں۔
اس چھوٹے سے تاج محل کو دیکھنے کے لیے دور دور سے لوگ آ رہے ہیں اور بیٹے کی والدہ سے محبت اور عقیدت کو سراہ رہے ہیں۔