بحرین نے گولڈن لائسنس کا اجراء شروع کردیا
سرمایہ کاری کے اس منصوبے سے سینکڑوں نئی ملازمتیں پیدا ہونے کی توقع ظاہر کردی گئی
خلیجی ملک بحرین نے گولڈن لائسنس کا اجراء شروع کردیا، مجموعی طور پر 1.4 بلین ڈالر کے پانچ منصوبوں کے لیے لائسنس جاری کردیئے۔ دی نیشنل نیوز کے مطابق بحرین نے 1.4 بلین ڈالر سے زیادہ کی مجموعی سرمایہ کاری کے ساتھ پانچ منصوبوں کو ملک کے پہلے گولڈن لائسنس ایوارڈ کیے ہیں، اس اقام سے خلیج عرب کے سب سے چھوٹے تیل پیدا کرنے والے ملک کا مقصد ترقی کو فروغ دینے کے لیے اپنی معیشت میں مزید سرمایہ کاری کو راغب کرنا ہے۔
بحرین اکنامک ڈیولپمنٹ بورڈ (بحرین ای ڈی بی) نے بتایا کہ یہ لائسنس سٹی، ایگل ہلز دیار، انفرا کارپ، سعودی ٹیلی کام اور وامپوا گروپ کے پیش کردہ پروجیکٹس کو دیئے گئے ہیں، گرین فیلڈ پراجیکٹس اور توسیع سے اگلے تین سالوں میں 1,400 سے زیادہ ملازمتیں پیدا ہونے کی توقع ہے تاکہ 2021ء میں شروع کیے گئے مملکت کی اقتصادی بحالی کے منصوبے کی حمایت کی جا سکے۔
بحرین کے صنعت و تجارت کے وزیر عبداللہ فخرو نے کہا کہ گولڈن لائسنس بحرین کے اقتصادی بحالی کے منصوبے کے مقاصد کو کامیابی سے حاصل کرنے کی جانب ایک اہم قدم ہے، جس کا مقصد 2023ء کے آخر تک 2.5 بلین ڈالر کی غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنا ہے، بحرین اپنے جدید قانون سازی کے نظام کے علاوہ سرمایہ کاری کا ایک پرکشش اور لچکدار ماحول رکھتا ہے، جو اس ملک کو عالمی سطح پر سرمایہ کاری کے بہترین مقامات میں سے ایک بنانے میں معاون ہے۔
بتایا گیا ہے کہ بحرین نے اس سال اپریل میں گولڈن لائسنس کا اعلان کیا، جس کا مقصد خلیجی ملک کی سرمایہ کاری اور معاشی نمو کے لیے مسابقت کو بڑھانا ہے اور ساتھ ہی اس کی معیشت کی ڈیجیٹل تبدیلی میں مدد کرنا ہے، لائسنس حاصل کرنے کی اہل کمپنیوں کے لیے لازمی ہے کہ وہ 500 سے زیادہ مقامی ملازمتیں پیدا کریں یا مملکت میں 50 ملین ڈالر سے زیادہ کی سرمایہ کاری کریں جبکہ مملکت کی مجموعی ترقی کو مضبوط بنانے میں اپنا حصہ ڈالیں، یہ اقدام مختلف فوائد پیش کرتا ہے، بشمول سرمایہ کاروں کے لیے اراضی مختص کرنے، بنیادی ڈھانچے کی خدمات اور افادیت کو ترجیح دینا۔
بحرین ای ڈی بی نے کہا کہ گولڈن لائسنسن کی بدولت کمپنیوں کو سرکاری خدمات تک آسان رسائی حاصل ہوگی، جن میں بزنس لائسنسنگ اور بلڈنگ پرمٹ کی منظوری کے ساتھ ساتھ بحرین کے لیبر فنڈ، تمکین اور بحرین ڈویلپمنٹ بینک سے تعاون شامل ہے، دیگر فوائد میں مختلف سرکاری محکموں کے ساتھ مربوط تعاون، بحرین ای ڈی بی کا ایک نامزد اکاؤنٹ مینیجر اور جہاں ضروری اور قابل اطلاق ہو وہاں موجودہ قوانین یا ضوابط کا ممکنہ جائزہ شامل ہے۔
بحرین ای ڈی بی کے چیف ایگزیکٹیو خالد حمیدان نے کہا کہ گولڈن لائسنس ایک کامیاب پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ ہے جس نے سرمایہ کاروں اور اسٹارٹ اپ کمپنیوں کے لیے مخصوص حل تیار کیے ہیں، اس نے انہیں تیز رفتار منظوری اور کئی خصوصیات اور سہولیات فراہم کی ہیں جنہوں نے انہیں بحرین سے عالمی سطح پر قدم رکھنے کے قابل بنایا ہے۔