امارات میں نجی شعبے کیلئے عید الاضحیٰ پر 6 روزہ تعطیلات کا اعلان
متحدہ عرب امارات میں نجی شعبے کے لیے عید الاضحیٰ کے موقع پر 6 روزہ تعطیلات کا اعلان کر دیا گیا۔ مقامی میڈیا کے مطابق انسانی وسائل اور امارات کی وزارت (ایم او ایچ آر ای) نے یوم عرفات اور عید الاضحی کے موقع پر نجی شعبے کے لیے 27 جون سے 30 جون تک سرکاری تعطیلات کا اعلان کیا، جس کا مطلب ہے متحدہ عرب امارات کے رہائشیوں کے پاس اسلامی تہوار کو منانے کے لیے منگل 27 جون سے اتوار 2 جولائی تک 6 دن کی چھٹیاں ہوں گی کیوں کہ اس میں ویک اینڈ بھی شامل ہے، یہ فیصلہ عوامی اور نجی شعبوں کے لیے منظور شدہ عوامی تعطیلات کے حوالے سے متحدہ عرب امارات کی کابینہ کی قرارداد کے مطابق ہے۔
معلوم ہوا ہے کہ دبئی میں عید الاضحی کے وقفے اور اسکولوں کی چھٹیوں سے قبل ہی مسافروں کو ایئرپورٹ پر شدید رش کا سامنا ہے، جون میں یو اے ای سے باہر جانے والے سفر کا آغاز ویک اینڈ پر بہت زیادہ رش کے ساتھ ہوا، جس کے باعث دبئی کے رہائشیوں اور سیاحوں کو ہوائی اڈے پر لمبی قطاروں اور تاخیر کا سامنا کرنا پڑا کیوں کہ سفری سیزن شروع ہو چکا ہے، ہفتے کے آخر میں اپنے اہل خانہ کے ساتھ برطانیہ کے لیے اڑان بھرنے والی منی آر نے کہا کہ اسے توقع سے زیادہ تاخیر کا سامنا کرنا پڑا، میرے چھوٹے بچے ہیں لہذا ہم عام طور پر جلد از جلد ہوائی اڈے پر پہنچنا پسند کرتے ہیں تاکہ ہمیں چیک ان کے بعد مناسب وقت مل سکے، تاہم لائنیں اتنی لمبی تھیں کہ ہم بورڈنگ کے عین وقت پر لاؤنج پہنچے، میں یقین نہیں کر سکتی تھی کہ اسکول کھلے ہونے کے باوجود ہوائی اڈے پر اتنا ہجوم ہوگا۔
دبئی کے نالج اینڈ ہیومن ڈویلپمنٹ اتھارٹی (KHDA) کے کیلنڈر کے مطابق دبئی میں اسکولوں کی چھٹیاں دو ہفتوں کے بعد شروع ہوں گی کچھ اسکول 7 جولائی تک بند ہوں گے، کراچی جانے کے لیے اپنے والدین کو دبئی ایئرپورٹ پر چھوڑنے والے سلمان علی نے کہا کہ بہت غیرمعمولی بھیڑ تھی، میرے والدین مجھ سے ملنے آئے تھے اور وہ واپس جا رہے تھے، انہوں نے ہفتہ کو جانا تھا لیکن ان کی پرواز منسوخ ہوگئی چنانچہ اتوار کی صبح جب میں انہیں ڈراپ کرنے گیا تو مجھے اتنے رش کی توقع نہیں تھی کیوں کہ اسکول ابھی تک جاری ہیں، میں یہ دیکھ کر حیران رہ گیا کہ یہ کتنی بھیڑ تھی۔
ٹریول ایجنٹس کا کہنا ہے کہ ٹریول سیزن کا آغاز یکم جون سے ہوگیا ہے جس میں ویک اینڈ پر شدید رش رہا، الہند بزنس سینٹر سے نوشاد حسن نے کہا کہ ہم لوگوں کو ہوائی اڈے پر جلد پہنچنے کا مشورہ دے رہے ہیں اور تاخیر کی توقع رکھتے ہیں، خاص طور پر اختتام ہفتہ کے دوران یہ عام بات ہے، یہ رش پورے مہینے جاری رہنے کی توقع ہے اور 23 جون کے اختتام ہفتہ تک عروج پر پہنچ جائے گا جب وہ لوگ جو متحدہ عرب امارات سے باہر عید منانا چاہتے ہیں سفر کریں گے، یہ ویک اینڈ پر بھی ہے جب بہت سارے اسکول بند ہوں گے لہذا ہم توقع کر رہے ہیں کہ ویک اینڈ بہت مصروف ہوگا، بیرونی سفر 31 جولائی تک جاری رہے گا، اگست کے بعد سے ہم اندرونی سفر کی توقع کر رہے ہیں، یہ ستمبر کے آخر تک جاری رہے گا۔
سیفران ٹریول اینڈ ٹورازم کے پروین چودھری نے بھی کہا کہ باہر جانے والے سفر کا رش شروع ہو گیا ہے، ہمیں معلوم ہوا ہے کہ اس ماہ امتحانات ختم ہوتے ہی بہت سارے لوگ برصغیر پاک و ہند کا سفر کر رہے ہیں، تاہم عید کی چھٹیوں میں سفری رجحانات بدل جاتے ہیں، 26 جون کے بعد سے ہمیں سنگاپور اور یورپی سیکٹر کے لیے بہت زیادہ بکنگ موصول ہوئی ہے، ایسا لگتا ہے کہ لوگ پہلے اپنے آبائی ممالک جانے کو ترجیح دے رہے ہیں اور پھر چھٹی پر جانے کا فیصلہ کر رہے ہیں۔