سعودی عرب کا وہ علاقہ جو آپ کو صدیوں پرانے دور میں لے جائے ( دلچسپ ویڈیو رپورٹ)

سعودی عرب کا وہ علاقہ جو آپ کو صدیوں پرانے دور میں لے جائے ( دلچسپ ویڈیو رپورٹ)
سعودی عرب میں آج بھی ایسا علاقہ موجود ہے جس میں داخل ہو کر آپ کئی صدی پیچھے دور ماضی میں چلے جاتے ہیں۔
سعودی عرب اپنے اندر سینکڑوں برس کی تاریخ سموئے ہوئے ہیں۔ اس کے شہر جدہ میں ایک ایسا علاقہ بھی ہے جس کا نام البلد ہے لیکن اس کو صرف بلد بھی کہا جاتا ہے۔ بلد سعودی عرب کے شاندار ماضی، فن تعمیر اور ثقافت کا جیتا جاگتا ثبوت ہے۔
یونیسکو کی جانب سے عالمی ثقافتی ورثہ میں شامل بلد کی عمارتیں صدیوں پرانی روایتی طرز تعمیر پر ہیں۔ کئی عمارتیں تو 400 سال سے موجود ہیں۔
گھروں کو پتھروں، اینٹوں سے تعمیر کیا جاتا ہے لیکن اس علاقے میں موجود عمارتوں کی خاص بات یہ ہے کہ اس کو کسی عام پتھر نہیں بلکہ مرجان نامی پتھر سے تعمیر کیا گیا ہے۔
ماضی میں بسنے والے مرجان کی افادیت سے آشنا تھے۔ اسی لیے سمندر کی تہہ سے یہ پتھر نکال کر انہیں تراش کر دیواریں تعمیر کی جاتی تھیں۔ اس میں موجود قدرتی سوراخ وینٹلیشن کا کام کرتے تھے اور ہوا کے گزرنے کے باعث یہ گھر شدید گرم موسم میں بھی ٹھنڈے رہتے تھے اور آج کے دور کی طرح اے سی کے مزے دیتے تھے۔
اس علاقے میں جابجا عمارتوں پر خوبصورت آرٹ ورک نظر آئے گا جو خلافت عثمانیہ کے دور کا ہے۔ بلد جدہ کا وہ تاریخی اور دلکش علاقہ ہے جو ماضی کی عکاسی کرتا ہے کے روایتی طرز تعمیر کے مکانات، بازار، دکانیں یہاں آنے والوں کو اپنے سحر میں جکڑ لیتے ہیں۔