دبئی جانے والی ایمریٹس کی پرواز کو آگ لگنے کے باعث اُڑان بھرنے سے روک دیا گیا
تمام مسافروں اور عملے کو بحفاظت جہاز سے اتار لیا گیا،طیارہ روس کے شہر سینیٹ پیٹرز برگ سے دبئی کیلئے روانہ ہو رہا تھا
دبئی جانے والی ایمریٹس کی پرواز کو آگ لگنے کے باعث اُڑان بھرنے سے روک دیا گیا۔احیتاط کے طور پر تمام مسافروں اور عملے کو جہاز سے اتار لیا گیا۔ خلیج ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق ایمریٹس کا ایک طیارہ جو روس کے شہر سینیٹ پیٹرز برگ سے دبئی کیلئے روانہ ہو رہا تھا کہ طیارے میں دھواں نکلنے کا واقعہ پیش آیا۔
یہ واقعہ 30 جون کو فلائیٹ ای کے 176 میں پیش آیا تھا۔ ایمریٹس نے خلیج ٹائمز کو اس بات کی تصدیق کی کہ روانگی کیلئے پش بیک کے دوران دھواں نکلنے کا علم ہوا جس کے بعد تمام مسافروں اور عملے کو طیارے سے اتار لیا گیا تھا۔ دھواں نکلنے کے بعد مقامی حکام اور فائر سروسز نے طیارے کا اچھی طرح معائنہ کیا۔ ائیرلائن انتظامیہ نے کہا کہ تحقیقات اور معائنہ مکمل ہونے کے بعد مسافروں کو دوبارہ طیارے میں سوار کیا اور پرواز نے ٹیک آف کیا۔
طیارے کو کچھ وقت کیلئے روکنے کی وجہ سے پرواز تاخیر کا شکار بھی ہوئی تھی،ائیر لائن انتظامیہ نے پریشانی کا سامنا کرنے پر مسافروں سے معذرت کی اور بتایا کہ مسافروں اور طیارے کے عملے کی حفاظت ہمارے لیے ضروری ہے جس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا