امارات میں بینک اکاؤنٹ سے متعلق نئے فراڈ کا انکشاف
متحدہ عرب امارات میں بینک اکاؤنٹ سے متعلق نئے فراڈ کا انکشاف ہوا جس کے بعد وزارت نے رہائشیوں کو بینک اکاؤنٹ کی تفصیلات مانگنے والے جعلی پیغام سے خبردار کردیا۔
مقامی میڈیا کے مطابق انسانی وسائل اور امارات کی وزارت نے جمعرات کو ایک الرٹ جاری کیا جس میں رہائشیوں کو ایک گھوٹالے کے پیغام سے خبردار کیا گیا ہے جس میں وزارت کا لوگو استعمال کیا جارہا ہے، جعلی دستاویز میں دیگر سرکاری اداروں کے لوگو بھی ہیں، اس کا عنوان "وزارت داخلہ کی طرف سے قانونی نوٹس” ظاہر کیا جارہا ہے، جس کے ذریعے صارفین سے بینک کی تفصیلات فراہم کرنے اور تصدیق کرنے کے لیے کہا جا رہا ہے، ورنہ اکاؤنٹ منجمد کر دیا جائے گا۔
بتایا گیا ہے کہ اسی طرح کا طریقہ کار پچھلے گھوٹالوں میں بھی کئی بار استعمال کیا جاچکا ہے، جس کے بارے میں رہائشیوں کو بار بار خبردار کیا گیا تھا کہ یہ ایک ایسا حربہ ہے جو دھوکہ باز لوگوں کے بینک کھاتوں تک رسائی حاصل کرنے اور ان کی جمع پونجی کو ہتھیانے کے لیے استعمال کرتے ہیں، اپنی ایڈوائزری میں وزارت نے عوام پر زور دیا کہ وہ اس پیغام کو نظر انداز کریں اور گھوٹالے کی اطلاع دیں۔