متحدہ عرب امارات کے صدر کے بھائی کا انتقال‘ تین روزہ سوگ کا اعلان
شیخ سعید بن زاید آل نہیان کی وفات پر ملک میں قومی پرچم بھی سرنگوں رہے گا
متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید آل نہیان کے بھائی کا انتقال ہوگیا جس پر ملک میں 3 روزہ سوگ کا اعلان کردیا گیا، ملک بھر مین قومی پرچم بھی سرنگوں رہے گا۔ اماراتی میڈیا کے مطابق متحدہ عرب امارات کے صدر نے ابوظہبی کے حکمران کے نمائندے اپنے بھائی شیخ سعید بن زاید آل نہیان کے انتقال پر سوگ کا اعلان کیا ہے، شیخ سعید صحت کے عارضے میں مبتلا تھے جو آج انتقال کرگئے۔
بتایا گیا ہے کہ صدارتی عدالت نے آج جمعرات 27 جولائی سے شروع ہوکر 29 جولائی بروز ہفتہ کو اختتام پذیر ہونے والے تین دن کے لیے سرکاری سوگ اور قومی پرچم سرنگوں رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ صدارتی عدالت نے اعلان کیا ہے کہ ابوظہبی کے حکمران کے نمائندے شیخ سعید بن زید آل نہیان کی نماز جنازہ آج ظہر کے بعد ادا کی جائے گی، نمازہ جنازہ ابوظہبی کی شیخ سلطان بن زید دی فرسٹ مسجد میں ادا کی جائے گی، ملک بھر میں تمام مساجد میں غائبانہ نماز جنازہ بھی ایک ہی وقت میں ادا کی جائے گی۔
عدالت کی ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ ابوظہبی کے المشرف پیلس میں آج شام 4 بج کر 30 منٹ سے شام 6 بج کر 30 منٹ تک، نیز جمعہ اور ہفتہ کو صبح 10 بجے سے 12 بجے اور شام شام 4 بج کر 30 منٹ سے شام 6 بج کر 30 منٹ تک تعزیت کی جائے گی۔ معلوم ہوا ہے کہ شیخ سعید بن زاید آل نہیان العین میں 1965 میں پیدا ہوئے، جون 2010ء میں ابوظہبی کے حکمران کے نمائندے کے طور پر تعینات ہوئے، انہیں ابوظہبی میں محکمہ منصوبہ بندی کا انڈر سیکرٹری مقرر کیا گیا، وہ شیخ زید بن سلطان النہیان کے نمائندے بھی تھے، ابوظہبی ایگزیکٹو کونسل (ADCED) کے سابق رکن شیخ سعید بن زاید میری ٹائم پورٹ اتھارٹی (ابوظہبی) کے چیئرمین کے عہدے پر بھی فائز تھے۔