متحدہ عرب امارات سے عمان کے نئے بس روٹ کا اعلان
متحدہ عرب امارات سے عمان کے نئے بس روٹ کا اعلان کردیا گیا جس کے تحت مسندم کا سفر صرف 50 درہم میں ہوسکے گا۔ اماراتی میڈیا کے مطابق موسم سرما کے قریب آنے کے ساتھ ہی متحدہ عرب امارات کے مسافر جلد ہی عمان کے سیاحتی مقام مسندم کے خوبصورت مناظر سے با آسانی لطف اندوز ہوسکیں گے جہاں وہ پہاڑیوں سے گھرے نیلے پانیوں کا نظارہ کرسکتے ہیں، اس سلسلے میں سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر راس الخیمہ ٹرانسپورٹ اتھارٹی (RAKTA) نے رہائشیوں کو ایک نئے بس روٹ کے بارے میں مطلع کرنے کے لیے سوشل پیڈیا پلیٹ فارم ایکس کا انتخاب کیا اور اپنی پہلی بین الاقوامی پبلک بس سروس شروع کرنے کا اعلان کیا، جو راس الخیمہ کو سلطنت عمان میں مسندم کی گورنری سے جوڑتی ہے۔
اتھارٹی کی جانب سے جاری کردہ بیان میں بتایا گیا ہے کہ 6 اکتوبر 2023ء سے مسندم اور راس الخیمہ کے درمیان ایک نئے بس روٹ کا آغاز کیا جا رہا ہے، جو راس الخیمہ کے مرکزی بس اسٹیشن سے شروع ہو کر عمان میں ولایت خاصاب میں اختتام پذیر ہوگی، ابتدائی طور پر یہ بس سروس جمعہ، ہفتہ اور اتوار کو صبح 8 بجے اور شام 6 بجے چلا کرے گی، اس روٹ کا کل سفری وقت تقریباً 3 گھنٹے ہے۔
اسی طرح عمان کی قومی پبلک ٹرانسپورٹ سروس ’مواصلات‘ کی طرف سے مسقط سے ابوظہبی کے درمیان ایک نئی بس سروس پیش کی جارہی ہے، اس روٹ پر چلنے والی 202 نمبر بس مسقط عمان سے شروع ہوکر ابوظہبی جاتے ہوئے العین کے درمیان سے ہوتی ہوئی مختلف اسٹاپ کے ساتھ سفر کرے گی، یہی بس ابوظہبی سینٹرل بس اسٹیشن سے اسی راستے پر مسقط عمان کے لیے روانہ ہوگی۔
معلوم ہوا ہے کہ بس سروس کے یک طرفہ ٹکٹ کی قیمت 11.5 عمانی ریال ہے، ابوظہبی سے مسقط کا سفر کرنے میں تقریباً 9 گھنٹے لگتے ہیں، جس میں درمیان میں 45 منٹ سے ایک گھنٹے کا وقفہ بھی شامل ہے، بس العزائبہ بس اسٹیشن سے صبح 6 بج کر 30 منٹ پر روانہ ہوگی، البرائمی میں 11 بجے، العین دوپہر 1 بجے اور ابوظہبی بس اسٹیشن دوپہر 3 بج کر 40 منٹ پر پہنچے گی جب کہ بس ابوظہبی سے صبح 10بج کر 40 منٹ پر روانہ ہوگی اور رات 8 بج کر 35 منٹ پر مسقط پہنچے گی، دو سال سے کم عمر کے بچے مفت سفر کر سکتے ہیں لیکن ان کے لیے کوئی سیٹ مختص نہیں کی جائے گی۔