امارات کے رہائشیوں کو ایک اور فراڈ سے خبردار کردیا گیا
متحدہ عرب امارات کے رہائشیوں کو ایک اور فراڈ سے خبردار کرتے ہوئے حکام نے ایونٹس کے لیے کم قیمت والے ٹکٹس سے متعلق وارننگ جاری کردی۔ تفصیلات کے مطابق ابوظہبی کے جوڈیشل ڈپارٹمنٹ نے عوام کو سوشل میڈیا پر دھوکہ دہی کے اشتہارات سے متعلق الرٹ کیا ہے جو رہائشیوں کو متحدہ عرب امارات میں جعلی تقریبات کے لیے رعایتی ٹکٹس خریدنے پر آمادہ کرتے ہیں، اس حوالے سے ویڈیو کلپ کے ذریعے متعلقہ محکمہ نے گمراہ کن اشتہارات کے خطرے کو اجاگر کیا۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے ایک پیغام میں ابوظہبی جوڈیشل ڈیپارٹمنٹ نے کہا کہ "یو اے ای میں ایونٹ کے ٹکٹ فروخت کرنے والے سوشل میڈیا اشتہارات سے چوکس رہیں، دھوکہ باز کم قیمتوں پر ٹکٹ پیش کرتے ہیں اور بہت سی فروخت کرنے کے بعد یہ لوگ غائب ہو جاتے ہیں، اس قسم کی پیشکشوں سے گمراہ ہونے سے بچیں اور اپنی ذاتی یا بینکنگ معلومات جاری کرنے سے گریز کریں”۔
ادارے کی جانب سے عوام پر زور دیا گیا ہے کہ وہ صرف معتبر ویب سائٹس کے ذریعے سے ہی ٹکٹ خریدیں، متاثرین اپنی حفاظت کے لیے سرکاری ذرائع استعمال کریں اور اگر آپ کسی دھوکہ دہی کا شکار ہوئے ہیں تو فوری طور پر 8002626 پر مجاز حکام سے رجوع کریں”۔
متحدہ عرب امارات کے حکام نے رہائشیوں کو ایسے مشتبہ لنکس پر کلک کرنے کے خطرات کے بارے میں بھی سخت انتباہ جاری کیا ہے جو اکثر وٹس ایپ، ٹیکسٹ میسجز اور مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے ذریعے گردش کرتے ہیں، اس حوالے سے جاری کردہ ایڈوائزری سائبر سکیورٹی سے متعلق آگاہی بڑھانے اور عوام کو ممکنہ آن لائن خطرات سے بچانے کے لیے جاری کوششوں کا حصہ ہے۔