یرغمالیوں کی رہائی تک غزہ کا محاصرہ جاری رہے گا: اسرائیل
اسرائیل نے غزہ کی پٹی کے محاصرے کے خاتمے کو حماس کی جانب سے اپنے یرغمال بنائے گئے فوجیوں اور شہریوں کی رہائی سے منسلک کر دیا ہے۔
برطانوی خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق اسرائیل کی جانب سے جمعرات کو کہا گیا ہے کہ غزہ کی پٹی کے محاصرے میں اس وقت تک کوئی وقفہ نہیں دیا جائے گا جب تک کہ اس کے تمام یرغمالیوں کو رہا نہیں کیا جاتا۔
امریکہ نے بھی اسرائیلی شہریوں کی حفاظت پر زور دیا ہے جبکہ ریڈکراس نے علاقے میں ممکنہ انسانی المیے سے خبردار کیا ہے۔
امریکی وزیر خارجہ اینٹونی بلنکن اسرائیل کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کے لیے تل ابیب کے دورے پر ہیں جہاں انہوں ںے وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو سے امریکی حمایت کا اعادہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ ’میں اپنے ساتھ جو پیغام لایا ہوں وہ یہ ہے کہ آپ خود اپنے دفاع کے لیے کافی مضبوط ہوسکتے ہیں، لیکن جب تک امریکہ موجود ہے آپ کو کبھی اپنا دفاع نہیں کرنا پڑے گا۔‘