ابوظبی ایئرپورٹ کا نیا ٹرمینل یکم نومبر سے مسافروں کے لیے کھول دیا جائے گا
متحدہ عرب امارات ابوظبی انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا نیا ٹرمینل اے یکم نومبر 2023 سے مسافروں کے لیے کھول دیا جائے گا۔
امارات کے سرکاری خبر رساں ادارے وام کے مطابق نئے ٹرمینل کے افتتاح پر ابوظبی میں زیادہ سے زیادہ مسافروں کو سفری سہولتیں فراہم کی جاسکیں گی۔
پروگرام کے مطابق الاتحاد ایئرویز نئے ٹرمینل کے افتتاح سے ایک دن قبل 31 اکتوبر کو خصوصی پرواز کا اہتمام کرے گی۔
فضائی کمپنیاں دو ہفتوں کے دوران تین مرحلوں میں نئے ٹرمینل اے میں منتقل ہوجائیں گی۔
اتحاد ایئرویز کی خصوصی پرواز کے بعد ویز ایئر اور دیگر پندرہ فضائی کمپنیاں یکم نومبر سے نئی عمارت سے پروازیں آپریٹ کریں گی۔
نو نومبر سے اتحاد ایئر ویز نئے ٹرمینل سے یومیہ سولہ پروازیں چلائے گی اور 14 نومبر کو اس کا نیا ہیڈکوارٹر نئی عمارت میں کام کرنا شروع کردے گا۔
علاوہ ازیں ایئر عربیہ اور دس دیگرفضائی کمپنیاں بھی 14 نومبر کو نئی عمارت سے آپریٹ کریں گی۔ 14 نومبر کو دیگر تمام 28 کمپنیاں نئے ٹرمینل سے سروس فراہم کریں گی۔
17 اکتوبر تک آپریشنل تیاریاں مکمل کرلی جائیں گی۔ تجرباتی عمل میں گیارہ ہزار سے زیادہ رضاکار شامل ہوئے۔ ان کا انتخاب ابوظبی کے رہائشیوں میں سے کیا گیا۔