متحدہ عرب امارات نے 3 ماہ کا وزٹ ویزہ بند کردیا
متحدہ عرب امارات کے 3 ماہ کے وزٹ ویزے بند کر دیے گئے، دبئی میں 90 دن کا انٹری پرمٹ صرف ایسے وزیٹرز کو جاری کیا جا رہا ہے جن کے امارات میں فرسٹ ڈگری رشتہ دار ہیں۔ خلیج ٹائمز کے مطابق متحدہ عرب امارات میں 3 ماہ کے وزٹ ویزوں کا اجراء بند کر دیا گیا ہے، وفاقی اتھارٹی برائے شناخت، شہریت، کسٹمز اور پورٹ سکیورٹی (ICP) کے کال سینٹر ایگزیکٹو نے کہا کہ "تین ماہ کے وزٹ ویزے اب دستیاب نہیں ہیں، تین ماہ کا داخلہ پرمٹ چند مہینے پہلے تک دستیاب تھا لیکن اب نہیں ہے، اس کے متبادل کے طور پر یو اے ای آنے کے خواہشمند 30 یا 60 دن کے وزٹ ویزہ پر آ سکتے ہیں جو ٹریول ایجنسیوں کے ذریعے جاری کروائے جاسکتے ہیں”۔
بتایا گیا ہے کہ ٹریول ایجنٹس نے بھی اس تازہ ترین پیشرفت کی تصدیق کی اور بتایا کہ "تین ماہ کے وزٹ ویزہ کی درخواست کرنے کا آپشن اب اس پورٹل پر دستیاب نہیں ہے جس کے ذریعے پرمٹ جاری کرنےکی درخواست دی جاتی ہے”۔
معلوم ہوا ہے کہ صرف دبئی میں 90 دن کا ویزہ ان وزیٹرز کو جاری کیا جا رہا ہے جو رہائشیوں کے فرسٹ ڈگری رشتہ دار ہیں، آمر میں کال سینٹر کے ایک ایگزیکٹو نے اس کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ "رہائشی اپنے والدین یا فرسٹ ڈگری رشتہ داروں کو تین ماہ کے وزٹ ویزہ پر دبئی بلا سکتے ہیں”۔
بتایا جارہا ہے کہ تین ماہ کا ویزہ کورونا وبا کے دوران بند کر دیا گیا تھا اور اس خلا کو پر کرنے کے لیے 60 دن کا ویزہ متعارف کرایا گیا تاہم رواں برس مئی میں اس تین ماہ کے ویزہ کا پھر سے اجراء شروع ہوا اور 90 دن کا تفریحی ویزہ ان لوگوں کے لیے راحت کے طور پر آیا جو طویل عرصے تک ملک میں قیام کے خواہشمند تھے، تاہم اب ایک بار پھر سے یہ ویزہ بند کردیا گیا ہے۔