روسی صدر کا پاکستان کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے کی خواہش کا اظہار
نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ اور روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن نے دونوں ممالک کے درمیان تجارت اور دفاع سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کے طریقے تلاش کرنے پر زور دیاہے۔ روسی صدر نے کہا کہ عالمی سطح پر غذائی تحفظ کے لیے روس اقدامات کر رہاہے،پاکستان کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون کو وسعت دینا چاہتے ہیں۔
منگل کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق نگراں وزیرِاعظم انوارالحق کاکڑ اور روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کے مابین یہاں ملاقات ہوئی۔ یہ ملاقات چین میں منعقدہ تیسرے بیلٹ اینڈ روڈ فورم کے موقع پر ہوئی۔ ملاقات کیلئے آمد پر روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے وزیرِاعظم انوارالحق کاکڑ کا استقبال کیا۔
دونوں رہنمائوں نے علاقائی تعاون کے فروغ کیلئے خطے میں روابط کی مضبوطی کی اہمیت پر زور دیا۔
ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور علاقائی و بین الاقوامی امور پر گفتگو ہوئی۔ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے تجارت، سرمایہ کاری اور توانائی پر خصوصی توجہ مرکوز کرتے ہوئے دوطرفہ تعاون کا جائزہ لیا اور پاکستان روس تعلقات میں مسلسل توسیع پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے یوریشین کنیکٹوٹی کو بڑھانے کے امکانات اور ریل، سڑک اور توانائی کی راہداریوں کے ذریعے علاقائی انضمام میں پاکستان کے اہم کردار پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
وزیراعظم کاکڑ نے پورے خطے کی اقتصادی ترقی کے لیے علاقائی انضمام کو بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا اور روس کے ساتھ تجارت اور سرمایہ کاری، توانائی، رابطے اور انسداد دہشت گردی کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے اور مضبوط کرنے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔رہنماؤں نے مشرق وسطیٰ کی ابھرتی ہوئی صورتحال سمیت علاقائی اور عالمی پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال کیا۔