شارجہ کے حکمران کی اہلیہ کی غزہ کے لیے 81 لاکھ ڈالر امداد کا اعلان
اماراتی نیوز ایجنسی (وام) کے مطابق دی بگ ہارٹ فاؤنڈیشن کی چیئرپرسن الشيخہ جواهر بنت محمد القاسمی نے اتوار کو اپنی تنظیم کو غزہ کے فلسطینیوں کے لیے 81 لاکھ ڈالر کی امداد فراہم کرنے کے احکامات دیے ہیں۔
یہ احکامات غزہ کی پٹی پر اسرائیل کی جانب سے فضائی بمباری کے تناظر میں سامنے آئی ہے۔ اسرائیل کی کارروائیوں کی وجہ سے غزہ کی آبادی کو خوراک، رہائش، صاف پانی، بجلی، طبی سامان یا دیگر ضروریات تک رسائی نہیں ہے جس کی وجہ سے انہیں ایک سنگین انسانی بحران کا سامنا ہے۔
الشيخہ جواهر بنت محمد القاسمی جو شارجہ کے حکمراں شیخ سلطان بن محمد القاسمی کی اہلیہ ہیں، نے زور دیتے ہوئے کہا کہ کہ فلسطینی عوام کی حمایت متحدہ عرب امارات کی ایک پرانی روایت ہے۔
وام کے مطابق انہوں نے کہا کہ فلسطینیوں کے لیے انسانی ہمدردی کی بنیادوں پر امداد دی بگ ہارٹ فاؤنڈیشن کے مقاصد میں سے ہے۔ اس فاؤنڈیشن کا آغاز 2009 کی سلام يا صغير مہم سے ہوا تھا۔
الشيخہ جواهر بنت محمد القاسمی نے متحدہ عرب امارات کے شہریوں اور اداروں پر زور دیا کہ وہ فلسطینی عوام کو اشیائے ضرورت فراہم کرنے کے لیے عطیات دیں۔