امارات کے صدر سے سنگاپور کے وزیراعظم کی ملاقات
متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید آل نہیان سے اتوار کو ابوظبی میں سنگاپور کے وزیراعظم نے ملاقات کی ہے۔
اماراتی صدر نے ایکس اکاونٹ پر لکھا کہ ’مجھے آج ابوظبی میں سنگاپور کے وزیراعظم کا خیرمقدم کرکے خوشی ہوئی۔
’امارات اور سنگاپور کے درمیان مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کے فروغ اور استحکام کے حوالے سے مفید مذاکرات کیے‘۔
’دونوں ملکوں کی جامع شراکت عالمی اقتصادی خوشحالی کو آگے بڑھانے اور پائیدار مستقبل کے مشترکہ وژن کے حصول کےلیے ضروری ہے۔
الامارات الیوم کے مطابق انہوں نے مزید کہا کہ ’سنگاپور ترقی اور پیش رفت میں منفرد مثال ہے۔ امارات اس کے ساتھ تعاون کے رشتے مضبوط بنانے اور تمام مہیا مواقع سے فائدہ اٹھانے میں دلچسپی رکھتا ہے‘۔
’امارات کی خواہش ہے کہ دونوں ملکوں کے درمیان مکمل شراکت ہو اور پائیدار اہداف کے لیے ایک دوسرے سے بھرپور فائدہ اٹھائیں اور پہنچائیں‘۔
علاوہ ازیں دبئی کے حکمراں کے نائب اول شیخ مکتوم بن محمد بن راشد آل مکتوم نے بھی اتوار کو سنگاپور کے وزیراعظم سے ملاقات کی۔
شیخ مکتوم بن محمد بن راشد نے اپنے ایکس اکاونٹ پر لکھا ’امارات اور سنگاپور کے درمیان سرکاری اور اقتصادی شعبوں میں تعلقات زبردست طریقے سے پھل پھول رہے ہیں۔ دونوں ملک عالمی تجارت کا کلیدی محور ہیں‘۔