کارکنوں کو آزمائشی مرحلے میں نئی ملازمت اختیار کرنے کی اجازت
متحدہ عرب امارات میں کارکنوں کو آزمائشی مرحلے میں نئی ملازمت اختیار کرنے کی اجازت مل گئی۔ خلیجی اخبار الامارات الیوم کے مطابق یو اے ای کی وزارت برائے افرادی قوت و امارتائزیشن کا کہنا ہے کہ کوئی بھی غیرملکی کارکن آزمائشی مرحلے کے دوران نئی ملازمت اختیار کرسکتا ہے، تاہم اس کے لیے آجر سے تحریری طور پر اس کی اجازت لینی ہوگی، آجر یہ منظوری ملازمت کے ایک ماہ بعد بھی دے سکتا ہے، یہ واضح کرنا ہوگا کہ کارکن ملازمت کا معاہدہ ختم کرنا چاہتا ہے۔
وزارت افرادی قوت و امارتائیزیشن نے کہا ہے کہ اگر کسی کارکن نے آزمائشی مرحلے کے دوران نئے آجر کے پاس ملازمت قبول کرلی ہو تو ایسی صورت میں نئے آجر کی ذمہ داری ہے کہ وہ پرانے آجر کو ریکروٹنگ کی لاگت ادا کرے جب کہ امارات کا قانون آجر کو یہ حق دیتا ہے کہ وہ ڈیوٹی کی شروعات کی تاریخ سے 6 مہینے تک کارکن کو آزمائشی مرحلے میں رکھے، کسی بھی کارکن کو ایک آجر کے یہاں ایک سے زیادہ بار تجرباتی مرحلے سے نہیں گزارا جاسکتا اور اگر ملازم نے آزمائشی مرحلہ کامیابی سے مکمل کر لیا تو ایسی صورت میں اس کے آزمائشی مرحلے کو اصل سروس شمار کیا جائے گا۔