چار سو کا موبائل پانچ ہزار درہم میں پڑ گیا
متحدہ عرب امارات دبئی میں ایک شخص کو تجارتی مرکز میں غصہ اور توڑ پھوڑ کرنا مہنگا پڑ گیا۔
الامارات الیوم کے مطابق ایک شخص دبئی کے معروف تجارتی مرکز پہنچا اور خریدا گیا موبائل خراب ہونے کا دعوی کیا۔
اس کا اصرار تھا کہ اسے خریدے گئے موبائل کی قیمت چار سو درہم واپس کی جائے۔ وہ خراب موبائل اپنے پاس نہیں رکھ سکتا۔
تجارتی مرکز پر سیلز مین نے بتایا کوئی فیصلہ کرنے سے قبل تکنیکی امور کے ماہر سے موبائل کا معائنہ کرانا ہوگا۔
خرابی کی نوعیت دیکھی جائے گی۔ ممکن ہے کوئی خرابی نہ ہو تاہم خریدار نے کوئی بات نہ سنی اور رقم کی واپسی پر اصرارکیا۔
اس نے سیلز مین سے بد زبانی کی اور اسے دھکا دیا۔ تجارتی مرکز کے کاونٹر پر رکھے لیپ ٹاپ گرادیے۔
تجارتی مرکز کے ڈائریکٹر نے پولیس کو طلب کرکے رپورٹ درج کرائی۔
عدالت نے فریقین کے دلائل اور شواہد سننے کے بعد تجارتی مرکز میں توڑ پھوڑ پر پانچ ہزار درہم جرمانے کی سزا سنائی ہے۔