اسرائیلی حملوں سے غزہ میں ہلاکتوں کی تعداد پانچ ہزار سے زیادہ
اسرائیل کے غزہ پر سات اکتوبر سے جاری حملوں میں 2055 بچوں سمیت کم از کم پانچ ہزار 87 فلسطینی ہلاک ہو چکے ہیں اور زخمیوں کی تعداد 15 ہزار 273 ہے۔
روئٹرز نیوز ایجنسی کے مطابق غزہ کی وزارت صحت نے پیر کو بتایا ہے کہ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اسرائیلی حملوں میں 436 فلسطینی ہلاک ہوئے، جن میں 182 بچے شامل ہیں اور زیادہ تر ہلاکتیں غزہ کی جنوبی پٹی میں ہوئی ہیں۔
حماس کے حکام نے بتایا ہے کہ غزہ پر گذشتہ رات اور پیر کی صبح ہونے والے اسرائیلی فضائی حملوں میں کم از کم 70 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔
اسرائیلی فوجی ذرائع نے بتایا ہے کہ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران فلسطینی علاقے میں تقریباً 320 اہداف کو نشانہ بنایا گیا ہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق غزہ کے بدتر ہوتے انسانی المیے نے خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے۔
اسرائیلی فوج کے مطابق اس نے گذشتہ 24 گھنٹوں کے اندر غزہ پر 300 سے زائد فضائی حملے کیے۔ اسرائیل کی بمباری میں اب تک ہزاروں عمارتیں ملبے کا ڈھیر ہو چکی ہیں اور 10 لاکھ سے زائد افراد بے گھر ہو چکے ہیں۔ غزہ کے رہائشی پانی، خوراک اور بنیادی ضرورریات زندگی سے محروم ہیں۔
اقوام متحدہ کی ایجنسی کے مطابق پیر کو مصر کے رفح کراسنگ سے 20 مزید ٹرک امدادی سامان لے کر غزہ پہنچ گئے ہیں۔