رفح چیک پوائنٹ سے تیسرا امدادی قافلہ غزہ میں داخل
مصر کی رفح بارڈر کراسنگ کے ذریعے پیر کو ایک اور امدادی قافلہ غزہ کی پٹی میں داخل ہو گیا ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق اسرائیل اور حماس میں سات اکتوبر سے شروع ہونے والی لڑائی کے بعد غزہ کی پٹی کے محصورعلاقے میں داخل ہونے والا یہ تیسرا امدادی قافلہ ہے۔
تیسرے امدادی قافلے میں رفح چیک پوائنٹ عبور کرنے والے امدادی سامان کے ٹرک تقریباً 12 سے زائد بتائے گئے ہیں۔
اس موقع پر مصری ریڈ کراس کے ایک اہلکار نے بتایا کہ سنیچر اور اتوار کو غزہ میں داخل ہونے والے ٹرکوں کی تعداد 34 تھی۔
اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ غزہ کے 24 لاکھ باشندوں کو بنیادی ضروریات کی فراہمی کے لیے روزانہ کم از کم امداد سے لدے 100 ٹرکوں کی ضرورت ہے کیونکہ علاقے میں ہزاروں شہری ہلاک ہو چکے ہیں۔
دوسری طرف یہاں موجود امدادی کارکنوں کا کہنا ہے کہ غزہ میں بڑھتے ہوئے انسانی بحران سے نمٹنے کے لیے اس سے کہیں زیادہ امداد کی ضرورت ہے جہاں نصف علاقے کے 23 لاکھ افراد بے گھر ہو گئے ہیں۔