امارات میں دو ہفتے کے دوران سونے کے نرخ فی گرام 19.75 درہم تک بڑھ گئے
متحدہ عرب امارات کی گولڈ مارکیٹ میں گزشتہ دو ہفتوں کے دوران ایک گرام سونے کی قیمت میں مجموعی اضافہ 19.75 درہم ریکارڈ کیا گیا ہے۔
الامارات الیوم کے مطابق گزشتہ ہفتے کے آخر میں سونے کے نرخوں میں اضافہ دیکھنے میں آیا۔ مختلف قیراط کے ایک گرام سونے کی قیمت میں 7.25 سے سوا نو درہم تک کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
یہ اضافہ اس سے قبل والے ہفتے کے نرخوں کے مقابلے میں ہوا۔ اس طرح دو ہفتوں کے دوران مجموعی اضافہ 19.75 درہم تک پہنچ گیا۔
امارات میں زیورات کے شورومز کے مینجروں کا کہنا ہے سونے کے نرخوں میں زیادہ اضافے کا مارکیٹ پر برا اثر پڑ رہا ہے۔ سب سے پہلا اثر یہ ہوا کہ زیورات کی طلب میں کمی ہوگئی ہے۔
ایک شوروم کے سیلز مینجر کا کہنا تھا ’مختلف قسم کی تبدیلیاں ہورہی ہیں۔ بعض لوگوں نے سونے کے نرخوں میں اضافے کے بعد ضرورت کے زیورات کی خریداری کی ہے‘۔
ایک اور شو روم کے مینجر کا کہنا ہے’ سونے کے نرخوں میں اضافے کے بعد طلب میں کمی معمول کی بات ہے‘۔
24 قیراط ایک گرام سونا 9.25 درہم کے اضافے کے بعد 240.75 درہم کا ہوگیا۔
22 قیراط کی قیمت 8.5 درہم کے اضافے سے 222.75 درہم میں دستیاب رہا۔ 21 قیراط کی قیمت 8.25 درہم کے اضافے سے 215.75 درہم ہوگئی۔
18 قیراط کی قیمت 7.25 درہم کے اضافے سے 185 درہم تک پہنچ گئی