ابوظہبی ایئرپورٹ کا نام تبدیل کردیا گیا
ابوظہبی ایئرپورٹ کا نام تبدیل کردیا گیا، متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابوظہبی کے ایئرپورٹ کے نام کی تبدیلی کا اطلاق 9 فروری 2024 سے ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق اماراتی حکومت نے ملک کے دارالحکومت ابوظہبی کے ائیرپورٹ کے نام کے حوالے سے اہم فیصلہ کیا گیا ہے۔ العربیہ نیوز کی رپورٹ کے مطابق آئندہ سال سے ابوظہبی ائیرپورٹ کا نام تبدیل ہو جائے گا۔
ابوظہبی ائیرپورٹ کے ٹرمینل اے کی تعمیر جاری ہے، اس ٹرمینل کی افتتاحی تقریب آئندہ سال فروری کے ماہ میں شیڈول ہے۔ ابوظہبی ائیرپورٹ کا ٹرمینل اے 742000 مربع میٹر پر محیط ہے اور سالانہ 45 ملین مسافروں کی آمد و رفت کی گنجائش رکھتا ہے۔ ٹرمینل اے کی تعمیر کے بعد 79 طیارے ایئرپورٹ پر موجود ہونے کی صلاحیت ہو گی۔
امارتی میڈیا کے مطابق ولی عہد ابوظہبی اور ایگزیکٹیو کونسل کے چیئرمین شیخ خالد بن محمد نے ایئرپورٹ کے ٹرمینل اے کا دورہ کیا اور تعمیراتی کاموں اور سہولیات کا جائزہ لیا۔
بتایا گیا ہے کہ ابوظہبی ائیرپورٹ کے ٹرمینل اے کو رواں سال نومبر میں ہی آپریشنل کر دیا جائے گا، تاہم ٹرمینل اے کا باقاعدہ افتتاح 9 فروری 2024 کو کیا جائے گا۔ جبکہ اسی دن ائیرپورٹ کا نام بھی تبدیل کر دیا جائے گا۔ 9 فروری 2024 سے ابوظہبی ائیرپورٹ کا نیا نام شیخ زاید انٹرنیشنل ایئرپورٹ ہوگا۔ واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابوظہبی کے بین الاقوامی ہوائی اڈے کی نئی مڈفیلڈ ٹرمینل عمارت میں آزمائشی آپریشن ستمبر 2023 میں شروع کیا گیا۔
خلیجی میڈیا کے مطابق ابوظہبی انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے نئے ٹرمینل پر شروع ہونے والے آزمائشی آپریشن میں چیک ان، بیگیج ہینڈلنگ، سکیورٹی اسکریننگ، بورڈنگ گیٹس اور امیگریشن سمیت تمام سسٹمز کی سختی سے جانچ کی گئی۔ رضاکاروں نے دستاویز کی چیکنگ اور کسٹم معائنے سمیت چیک اِن کی رفتار اور درستگی کا اندازہ لگایا، اس دوران انہوں نے بورڈنگ کے معمولات کا بھی تجربہ کیا اور پرواز کی معلومات کے طریقہ کار کا جائزہ لیا۔