العین میں مقیم پاکستانیوں کے لیے بڑی خوشخبری ۔۔۔ پی آئی اے نے ایک اور نئی پرواز کا آغاز کر دیا
پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) نے متحدہ عرب امارات کے شہر ’العین‘ سے بلوچستان کے شہر ’تُربت‘ کے لیے براہ راست پروازوں کا آغاز کردیا ہے۔
گلف نیوز کے مطابق ’العین‘ سے تُربت کی ہفتہ وار پرواز سے امارات میں مقیم بلوچستان کے شہریوں کو براہ راست رسائی مل جائے گی۔
اس سے قبل متحدہ عرب امارات سے آنے والے پاکستانیوں کو بلوچستان جانے کے لیے کراچی سے ہو کر صوبے کے دور دراز علاقوں تک پہنچنا ہوتا تھا۔
پی آئی اے اے ٹی آر جہاز کے ذریعے ہر جمعرات کو ’العین‘ سے ’تربت‘ کے لیے فلائٹ چلائے گی۔ اس وقت قومی ایئرلائن ’العین‘ سے اسلام آباد کے لیے دو پروازیں چلا رہی ہے۔
متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے سفیر فیصل نیاز ترمذی نے العین انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر قومی ایئرلائن کے نئے رُوٹ کا افتتاح کیا۔
امارات میں پاکستانی سفارت خانے کے مطابق اس موقع پر پاکستان کے سفیر نے کہا کہ ’پی آئی اے کی ’العین‘ سے ’تُربت‘ کے لیے پرواز شروع ہونے کے بعد ہمیں ابوظبی ایئرپورٹس کے ساتھ تعاون کے مزید امکانات نظر آرہے ہیں
انہوں نے مزید کہا کہ ’اس کے بعد ہمیں پشاور اور ملک کے دیگر بڑے شہروں کے لیے بھی پروازوں چلانے کی ضرورت ہے۔‘
پاکستانی سفیر کے مطابق جنوبی ایشیا اور مشرق وسطیٰ کے درمیان پاکستان کا سٹریٹجک مقام سیاحت کے لیے اماراتی اور یو اے ای میں مقیم دیگر ملکوں کے شہریوں کو وسیع مواقع فراہم کرتا ہے۔
ابوظبی ایئرپورٹس کی سی ای او ایلینا سورلینی نے العین ایئرپورٹ سے پروازوں کی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لیے پاکستانی سفیر اور ان کی ٹیم کا شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے العین ایئرپورٹ سے پاکستان کے مختلف شہروں کے لیے پروازوں کی تعداد بڑھانے کے لیے اپنے بھرپور تعاون کی پیش کش کی۔