سعودی عرب کا 24 مئی سے عمرہ پرمٹ کا اجراء بند کرنے کا اعلان
سعودی عرب نے 24 مئی سے عمرہ پرمٹ کا اجراء بند کرنے کا اعلان کردیا۔ العربیہ نیوز کے مطابق سعودی عرب کی وزارت حج وعمرہ نے کہا ہے کہ 16 ذوالقعدہ یعنی جمعہ 24 مئی 2024ء سےعمرہ پرمٹ کا اجراء بند کیا جائے گا، بندش کا دورانیہ 20 ذوالحجہ تک جاری رہے گا، اس دوران صرف حج پرمٹ رکھنے والوں کو ہی مکہ مکرمہ جانے کی اجازت ہوگی۔
بتایا گیا ہے کہ وزارت حج وعمرہ کی جانب سے حج سیزن کے حوالے سے عازمین کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کےلیے اندرون مملکت سے مکہ مکرمہ آنے والوں کے لیے پرمٹ لازمی قرار دیا گیا ہے، پرمٹ کے بغیر صرف وہ غیرملکی ان دنوں مکہ مکرمہ جاسکتے ہیں جن کا اقامہ مکہ مکرمہ شہر سے جاری کیا گیا ہے۔
سعودی عرب کی وزارت حج و عمرہ نے خبردار کیا ہے کہ مملکت میں مقیم عمرہ ویزہ رکھنے والے اس سال اس ویزے کے ساتھ حج نہیں کر سکیں گے، عمرہ ویزے کی میعاد پر عمل کیا جائے اور خاص طور پر مکہ مکرمہ کو چھوڑنے اور تین ماہ کی مدت ختم ہونے پر واپس جانے پر عمل کرانے کی ہدایت کی جاتی ہے، حج کے ضوابط کی خلاف ورزی کرنے والے اور حج پرمٹ یا ویزا نہ رکھنے والے افراد کو نقل و حمل کے قانون کی خلاف ورزی کے تحت سزا دی جائے گی، پرمٹ کے بغیر حج کرنے کی سزا 10 ہزار ریال جرمانہ اور ملک بدری ہے۔