ایرانی صدر کے ہیلی کاپٹر کو حادثہ کس طرح پیش آیا اور آخری لمحات میں کیا ہوا؟
ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کے ہیلی کاپٹر کو پیش آنے والے حادثے کی تفصیلات آنا شروع ہوگئیں ، جس میں آخری لمحات کے بارے میں بتایا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق جاں بحق ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کے ہیلی کاپٹر حادثے کی تفصیلات سامنے آگئیں۔
۔تین ہیلی کاپٹروں میں سے ایک میں موجود صدر رئیسی کے چیف آف اسٹاف غلام حسین اسماعیلی نے بتایا کہ صدارتی ہیلی کاپٹر کا پائلٹ کانوائے کا انچارج تھا، ہیلی کاپٹروں نے پرواز کی تو موسم ٹھیک تھا لیکن پرواز کے پینتالیس منٹ بعد صدارتی پائلٹ نے کہا کہ بادل سے بچنے کے لیے پرواز اونچی کریں۔
ایرانی اہلکار کا کہنا تھا کہ تیس سیکنڈ بعد ہمارے پائلٹ نے نوٹ کیا کہ صدر کا ہیلی کاپٹر غائب ہوگیا ہے ، جس پر ہمارےپائلٹ نے قریبی تانبے کی کان پر ہیلی کاپٹر اتارا۔
غلام حسین اسماعیلی نے بتایا کہ صدر کے پائلٹ، وزیر خارجہ اور صدر کے محافظ کو فون کیا مگر جواب نہ ملا۔
حادثے سے متعلق انہوں نے مزید بتایا کہ نماز جمعہ کے پیش امام آل ہاشم نے کال اٹھائی، جن کی حالت ٹھیک نہیں تھی، انھوں نے بتایا کہ صدارتی ہیلی کاپٹر کو حادثہ ہوگیا ہے۔