امارات میں سونے کے نرخوں میں کمی، سیاح خریداری کرنے لگے
متحدہ عرب امارات میں سونے کے نرخوں میں اس ہفتے بھی کمی کا رجحان رہا۔ دبئی اور شارجہ کی گولڈ مارکیٹ میں خریدار نظر آنے لگے۔
کاروبار کے دوسرے ہفتے کے دوران سونے کے نرخوں میں فی گرام ایک درھم سے 75 فلس تک کی کمی ہوئی۔
گزشتہ ہفتوں کے دوران اب تک سونے کے نرخوں میں گیارہ درھم تک کی کمی ہوچکی ہے۔
الامارات الیوم کے مطابق 24 قیراط ایک گرام کی قیمت ایک درھم کی کمی کے بعد 281.75 درھم تک آگئی۔ 22 قیراط کی قیمت ایک درھم کمی کے بعد 261، 21 قیراط کی قیمت 75 فلس کی کمی کے بعد 252.5 درھم جبکہ 18 قیراط کی قیمت 75 فلس کی کمی کے بعد 216.5 درھم تک پہنچ گئی۔
دبئی کی جیولری شوروم کے سیلز ڈائریکٹر کا کہنا ہے کہ قیمتوں میں کمی کا گولڈ مارکیٹ پر اچھا اثر پڑا ہے۔ اس وقت خریداروں میں سب سے بڑا حصہ سیاحوں کا ہے۔
ایک گولڈ شاپ کے ڈائریکٹر نے بتایا قیمتوں میں کمی سے بازار میں زیورات کی مانگ بھی نظر آ رہی ہے۔
جیولرز شاپ کے سیلز مینجر نے کہا اس وقت مارکیٹ میں سیاحوں کے علاوہ یہاں رہنے والے بھی سونے کی چیزیں خرید رہے ہیں مگر سونے کے سکے اور بسکٹ کے خریدار زیادہ ہیں