عجمان فیکٹری میں آتشزدگی سے زخمی ہونے والے پاکستانیوں کے صورتحال۔۔ پاکستانی سفیر کا بیان
متحدہ عرب امارات کے شہر عجمان کی ایک فیکٹری میں آتشزدگی کے واقعے میں زخمی ہونے والے پاکستانی صحتیاب ہو گئے ہیں اور جلد اپنے ملک واپس لوٹیں گے۔
عرب امارات میں پاکستانی سفارتخانے کی جانب سے جمعے کو جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کے سفیر فیصل نیاز ترمذی نے شیخ شخبوط میڈیکل سٹی میں داخل پاکستانی مریضوں کی عیادت کی اور اماراتی حکومت کا زخمیوں کی دیکھ بھال کرنے پر شکریہ ادا کیا۔
رواں سال فروری میں عجمان کی ایک کیمیکل فیکٹری میں آگ لگنے سے نو پاکستانی جلنے سے شدید زخمی ہوئے تھے۔
زخمی پاکستانیوں کا تعلق صوبہ سندھ کے علاقے شہید بینظیر آباد اور صوبہ پنجاب کے علاقے ڈیرہ غازی خان سے ہے۔
سفارتخانے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ مریض صحتیاب ہو گئے ہیں اور جلد انہیں پاکستان واپس بھیجا جائے گا۔
بیان کے مطابق پاکستان کے سفیر فیصل نیاز ترمذی نے ہر مریض کی عیات کی اور انہیں سفارتخانے کی جانب سے پاکستان منتقلی کے لیے تمام سہولیات مہیا کرنے کی یقین دہانی کرائی۔
سفیر ترمذی نے شیخ شخبوط میڈیکل سٹی میں ڈاکٹروں اور نیم طبی عملے سے بھی ملاقات کی۔
انہوں نے انتھک کوششوں اور مریضوں کا مسلسل خیال رکھنے پر عملے کا شکریہ ادا کیا۔
سفیر فیصل نیاز ترمذی نے پیشہ ورانہ مہارت کے اعتراف میں ڈاکٹروں اور نیم طبی عملے کو تعریفی خطوط پیش کیے اور ہر ممکن تعاون پر متحدہ عرب امارات کی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔