ملک کے 3 بڑے ایئرپورٹس پر ای گیٹ نصب کرنے کے حوالے سے اہم پیش رفت
کراچی: پاکستان کے 3 بڑے ایئرپورٹس پر ای گیٹ نصب کرنے کے حوالے سے اہم پیش رفت ہوئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ایئرپورٹس پر ای گیٹ کی تنصیب کے حوالے سے غیر ملکی فرانسیسی ماہرین کی ایک ٹیم نے کراچی، لاہور اور اسلام آباد ایئرپورٹ کا مکمل انسپکیشن کیا ہے۔
ایوی ایشن ڈویژن، سول ایوی ایشن نے غیر ملکی ماہرین کو ای گیٹس کی تنصیب کے حوالے سے متعلق بریفنگ بھی دی، بتایا گیا کہ سیکریٹری ایوی ایشن ای گیٹ منصوبے کی براہ راست نگرانی کر رہے ہیں، اور اس منصوبے کو ان کی نگرانی میں مکمل کیا جائے گا۔
سی اے اے ذرائع کے مطابق اسلام آباد، علامہ اقبال اور جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹس پر ای گیٹ نصب کیے جائیں گے، ای گیٹ کا سسٹم ایف آئی اے امیگریشن آپریٹ کرے گا، منصوبے سے متعلق نادرا، ایف آئی اے پاسپورٹ، ایف آئی اے امیگریشن سے تجاویز بھی حاصل کر لی گئی ہیں۔
ای گیٹ کے ذریعے مسافروں کو امیگریشن اور عالمی سفری سہولت میسر ہوگی، مسافر ایئرپورٹ پر داخل ہوتے ہی ای گیٹ کے ذریعے پاسپورٹ اسکین، فیس اسکیننگ، بائیو میٹرک کے عمل سے خودکار طور سے گزریں گے۔
ذرائع کے مطابق مسافر چہرے، فنگر پرنٹ، آئیرس پہچان یا طریقہ کار کا مجموعہ استعمال کر کے بائیو میٹرک تصدیق سے گزرتے ہیں، شناخت کا عمل مکمل ہونے کے بعد گیٹ خود بہ خود کھل جاتی ہے، اس طرح مسافر ای گیٹ کے ذریعے پاسپورٹ اسکین کر کے امیگریشن کا عمل مکمل کر سکیں گے
سی اے اے ذرائع کا کہنا ہے کہ ای گیٹ میں اسٹاپ لسٹ، ای سی ایل اور دیگر جرائم میں ملوث ملزمان کی نشان دہی ہو سکے گی، دراصل ای گیٹس سیلف سروس رکاوٹیں ہیں، جو مسافر کی شناخت کی تصدیق کے لیے بائیو میٹرک پاسپورٹ میں چپ میں موجود ڈیٹا کو استعمال کرتی ہیں۔